جاگوار F-Pace: پہلی ہی جھلک میں شائقین محو حیرت
کچھ دنوں پہلے ہی بینٹلے نے دنیا کی تیز ترین SUV متعارف کروائی تھی جو 301 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ سکتی ہے۔ اور آج جاگوار نے بھی SUV میدان میں F-Pace کے ساتھ شامل ہوگئی ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جاگوار کے پاس بہت تیز اور خطروں سے کھیلنے والی ٹیم موجود ہے جو عوام کے سامنے گاڑیوں کو نت نئے انداز سے پیش کیے جانے میں اپنا ثانی نہیں رکھتی۔ پچھلی بار ایک کرتب دکھانے والے شخص نے دریا کے اوپر رسیوں پر جاگوار کی نئی گاڑی رسیوں پر چلانے کا مظاہرہ کیا تھا۔
اس بار جاگوار نے F-Pace کو عوام کے سامنے انتہائی حیرت انگیز انداز سے پیش کیا جسے دیکھ کر لوگ پلکیں جھپکنا بھول گئے۔ جاگوار کی پہلی SUV نے انتہائی برق رفتار سے 360 ڈگری کے گول دائرے میں چکر لگاتے ہوئے اپنی آمد کا اعلان کیا۔ جی ہاں! گول دائرے کی صورت میں بنائے گئے 0 پر، جو 8 کے ساتھ موجود تھا جسے جاگوار کے 80 سالہ جشن کی مناسبت سے بنایا گیا تھا۔
جاگوار F-Pace سیڈان اور اسپورٹس کار کے شعبے میں ایک نیا اضافہ ہے جس کا مقابلہ پورشے مکان، اوڈی Q3، مرسڈیز GLA اور لیکسس NX سے ہوگا۔ یہ لینڈ روور گروپ کے ایلمونیم پلیٹ فارم پر بنائی گئی ہے جو پیٹرول اور ڈیزل دونوں طرز پر دستیاب ہوگی۔ آغاز میں یہ 3000 سی سی V6 انجن ے ساتھ پیش کی جائے گی جو صرف 5.4 سیکنڈ میں صفر سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار دے سکتی ہے۔ مستقبل میں جدید انجن شامل کیے جانے کا امکان ہے جس کے بعد گاڑی کی زیادہ سے زیادہ رفتار 380 ہارس پاور ہوجائے گی جو 5.1 سیکنڈ میں 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکے گی۔ بعد ازاں 2000 سی سی ڈیزن انجن بھی پیش کیا جائے گا جو 180 ہارس پاور کی رفتار فراہم کرسکے گا۔
ساتھی ادارے لینڈ روور نے F-Pace کا سسپینشن ڈیزائن کرنے میں جاگوار کی کافی مدد کی ہے لہٰذا آپ بیرون شہر اونچی نیچی سڑکوں پر بھی آرام سے سفر کرسکتے ہیں۔ گاڑی کا اندرونی حصہ جاگوار کی روایت کے عین مطابق ہے۔ ڈیش بورڈ کو بہت سی جدید تیکنیکی سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے جن میں 10.2 انچ کی ٹچ-اسکرین، اورمکمل نیوی گیشن ڈسپلے کے ساتھ 12.3 انچ کی ورچوئل ڈیفینیشن کلسٹر۔ مجموعی طور پر F-Pace بہت خوبصورتی سے تیار کی گئی ہے جو یقیناً جاگوار کی مارکیٹ میں اضافہ کرے گی۔
جاگوار F-Pace کی V6 ماڈل کی قیمت 42 ہزار امریکی ڈالر کے لگ بھگ ہوگی اور یہ 2016 کی پہلی سہہ ماہی میں فروخت کے لیے پیش کردی جائے گی۔