لاکھوں ٹویوٹا کرولا اور ہونڈا سِوک کے حفاظتی ایئربیگز میں مسئلہ کا انکشاف

0 163

جاپانی کمپنی ٹکاٹا (Takata) گاڑیوں کے لیے حفاظتی ایئر بیگز فراہم کرنے والا سب سے بڑا ادارہ ہے۔ ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں ایئر بیگز کی حامل 20 فیصد گاڑیاں میں ٹکاٹا ہی کے تیار کردہ ایئر بیگز استعمال کیے جاتے ہیں۔ تاہم ان ایئر بیگز میں آنے والے تکنیکی مسائل کی وجہ سے ٹکاٹا شدید پریشانی کا شکار نظر آرہا ہے۔

اپریل 2013 میں ٹکاٹا ایئر بیگز میں خرابی سامنے آنے کے بعد متعلقہ کار ساز اداروں کو تقریباً 36 لاکھ گاڑیوں واپس طلب کرنا پڑیں۔ یہ ایئر بیگز امریکی ریاست میکسیکو میں قائم ٹکاٹا کے کارخانے میں تیار کیئے گئے تھے۔ بعد ازاں مئی 2015 میں تقریباً 2 کروڑ 20 لاکھ گاڑیوں میں ناقص ایئر بیگز کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔ ان میں مرسڈیز بینز اور ہونڈا جیسے بڑے کار ساز اداروں کی گاڑیاں بھی شامل تھیں۔ یہ کسی بھی تکنیکی خرابی دور کرنے کے لیے طلب کی گئی گاڑیوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

5

ناقص ایئر بیگ سے ممکنہ مسائل

اگر گاڑی میں ناقص ایئر بیگ نصب ہے تو کسی بھی حادثے کی صورت میں جھٹکے سے حفاظتی ایئر بیگ کھلنے کے ساتھ اس کے اندر موجود چھوٹی اور باریک دھاتیں بھی باہر آ کر گاڑی کے اندر پھیل سکتی ہیں۔ اس سے نہ صرف ڈرائیور بلکہ گاڑی میں سوار دیگر افراد کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ نیشنل ہائے وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن (NHTSA) کے مطابق اب تک صرف امریکا میں ناقص ٹکاٹا ایئر بیگز کی وجہ سے 10 ہلاکتیں اور 150 افراد کے زخمی ہوجانے کی رپورٹ درج کی جاچکی ہیں۔ اس کے علاوہ جاپانی کار ساز ادارے ہونڈا کا کہنا ہے کہ خراب ایئر بیگز کی حامل گاڑیوں میں 8 اموات اور 100 سے زائد زخمیوں سے متعلق خبریں موصول ہوئیں جن میں سے ایک حادثہ ملائیشیا میں بھی رونما ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیڑھ لاکھ سے زائد ہونڈا وِزل اور ہونڈا فِٹ میں خرابیوں کا انکشاف

ناقص ایئر بیگز کی حامل گاڑیاں

ٹکاٹا ایئر بیگز میں خرابی کے باعث امریکا میں 14 مختلف کار ساز اداروں نے اپنے لاکھوں صارفین کو خرابی دور کروانے کے لیے فی الفور ادارے سے رابطہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ان میں زیادہ تر گاڑیوں کے ماڈلز سال 2002 سے سال 2015 کے دوران تیار کیے گئے ہیں۔ شاید آپ کو یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ ہونڈا سِوک اور ٹویوٹا کرولا بھی ان گاڑیوں میں شامل ہیں۔ جبکہ ملائیشیا میں ناقص ایئر بیگ کی وجہ سے رونما ہونے والا حادثہ ہونڈا سِٹی میں پیش آیا تھا۔ یہ بات بھی دلچسپ ہے کہ حفاظتی ایئر بیگز میں خرابی کی وجہ سے رونما ہونے والے حادثات زیادہ تر ہونڈا (Honda) گاڑیوں ہی میں پیش آئے ہیں۔

image

ہونڈا ایٹلس اور ٹویوٹا انڈس موٹرز کو کیا کرنا چاہیے؟

ٹکاٹا اور NHTSA کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایئر بیگ میں خرابی ان علاقوں میں زیادہ نقصاندہ ثابت ہوسکتی ہے جہاں درجہ حرارت اور ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہو۔ بدقسمتی سے پاکستان کے اکثر شہری علاقوں کا موسم گرم بھی ہے اور یہاں ہوا میں نمی بھی پائی جاتی ہے۔ جیسا کہ اوپر ذکر گزرا کہ اس مسئلے کا شکار گاڑیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، اور NHTSA نے بھی یہ باور کروایا ہے کہ امریکا کے علاوہ دیگر ممالک میں بھی 8 کروڑ 80 لاکھ سے زائد گاڑیاں بھی اس مسئلہ کا شکار ہوسکتی ہیں۔ چونکہ ٹکاٹا ہولڈنگز انکارپوریشن کے ناقص طریقہ کار کی وجہ سے ان گاڑیوں کی نشاندہی مشکل ہے کہ جن میں ممکنہ خرابی سامنے آسکتی ہے، اس لیے ہونڈا ایٹلس اور ٹویوٹا انڈس کو صارفین کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے پاکستان میں تیار کی جانے والی گاڑیوں میں یہ خرابی دور کرنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں۔ ٹویوٹا اور ہونڈا صارفین کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی گاڑیوں میں نصب ایئر بیگز ممکنہ خرابی دور کروانے کے لیے متعلقہ کار ساز اداروں سے رابطہ کریں۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.