پاک سوزوکی موٹر سائیکل اور ویگن آر کی قیمتوں میں اضافہ

0 512

عموماً بلاگز کے ذریعے گاڑیوں کے شعبے سے منسلک تمام ہی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لے کر تنقید برائے اصلاح کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔ لیکن پاک سوزوکی نام کا ایک ادارہ ایسا بھی ہے جو تمام اصلاحی مشوروں کو ایک کان سے سن کر دوسرے کان سے نکال دینے کی حکمت عملی اختیار کیے ہوئے ہے۔ ان کی اس روش کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ جلد یہ پاکستان کی سب سے ناپسندیدہ کار ساز کمپنی بننے کا اعزاز بھی حاصل کرلے گا۔ کم از کم سوزوکی ویگن آر کی نئی اشتہاری مہم پر عوامی ردعمل سے تو یہی ظاہر ہوتا ہے۔

آج اگر پاکستان میں چھوٹی گاڑیاں بنانے والا کوئی بھی ادارہ پاک سوزوکی کے مدمقابل آجائے تو کوئی بعید نہیں کہ لوگ بلا سوچے سمجھے متبادل گاڑیوں کو خریدنا شروع کردیں۔ اس کا تمام تر سہرا پاک سوزوکی کے ‘تھنک ٹینک’ کو جاتا ہے کہ جس کی ناقابل سمجھ فیصلوں کی وجہ سے ادارہ کی ساکھ شدید متاثر ہورہی ہے اور اب لوگ سوزوکی سے جان چھڑانے کے لیے محض ایک موقع کی تلاش میں ہیں۔ یہ صورتحال صرف اسی وقت تبدیل ہوسکتی ہے کہ جب پاک سوزوکی میں انقلابی تبدیلیاں کی جائیں اور صارفین کی خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کوتاہیوں کا ازالہ کیا جائے جو دہائیوں سے جاری و ساری ہیں۔

قارئین کو یاد ہوگا کہ نئی آٹو پالیسی کی منظوری پر پاک سوزوکی نے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں طے شدہ سرمایہ کاری کے منصوبے پاکستان سے ایران منتقل کرنے کی دھمکی تک دے دی تھی۔ اب انہوں نے اپنے پاؤں پر کلہاڑی کا مزید ایک اور وار کرتے ہوئے موٹر سائیکل کی قیمتوں میں تقریباً 5 ہزار روپے جبکہ سوزوکی ویگن آر کی قیمت میں 10 ہزار روپے اضافہ کردیا ہے۔ تمام سوزوکی ڈیلرشپس کو اس حوالے سے بذریعہ نوٹس آگاہ کردیا گیا ہے تاہم اس میں قیمتیں بڑھانے کی وجوہات درج نہیں ہیں۔

سوزوکی بائیکس کی نئی قیمتیں دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں

کچھ عرصے قبل انڈس موٹرز نے بھی ٹویوٹا گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا جس کا اطلاق یکم مئی 2016 سے ہوگا۔ انڈس موٹرز نے اس اضافے کی وجہ جاپانی ین کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی اور دیگر اقتصادی معاملات میں تبدیلیوں کو قرار دیا تھا۔ اس کے علاوہ انڈس موٹرز نے اپنی گاڑیوں میں چند ایک خصوصیات میں اضافے کا بھی عندیہ دیا تھا۔

سوزوکی ویگن آر کی نئی قیمت جاننے کے لیے یہاں کلک کریں

سوزوکی کا ذکر چل رہا ہے تو آپ کو یہ بھی بتاتے چلیں کہ یورپ کے ایک چھوٹے سے ملک جمہوریہ چیک میں سوزوکی سوِفٹ کا خصوصی ایڈیشن متعارف کروایا گیا ہے۔ پاکستان کے مقابلے میں یہ ملک آبادی اور رقبے دونوں ہی اعتبار سے چھوٹا ہے لیکن چیک کے شہری ہم سے زیادہ خوش قسمت ہیں کہ انہیں خصوصی سوفٹ کے علاوہ نئی جنریشن کے متعدد مختلف انداز جیسے GL، GL/AC، GL/AC 4×4، GLX اور Sport دستیاب ہیں جبکہ ہمیں۔۔۔۔ چلیے جانے دیجیے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.