کیا ایم جی واقعی ایک برٹش برانڈ ہے؟

0 11,898

مورس گیراج (MG) موٹرز پاکستانی مارکیٹ میں زبردست انداز میں داخل ہوا ہے۔ MG HS اور MG ZS EV  نامی دو SUVs سے لے کر 10,000 یونٹس بُک کروانے کی خبروں تک، بلاشبہ کمپنی نے مقامی صارفین کی خوب توجہ حاصل کی ہے۔ MG نے بہت کم وقت میں لوکل مارکیٹ میں اپنی مضبوط جگہ بنائی ہے۔ حالانکہ MG HS کی کوئی آفیشل لانچ نہیں ہوئی، لیکن اس کے باوجود کمپنی صارفین کو HS ڈلیور کرنا شروع کر چکی ہے۔

اس پوری مارکیٹنگ مہم کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ MG خود کو ایک خالص برٹش کار مینوفیکچرنگ کمپنی کے طور پر پیش کر رہا ہے۔ اپنی تمام ایڈورٹائزنگ کیمپینز اور ایونٹس میں لوکل پارٹنر نے صرف اس بات پر توجہ رکھی ہے کہ MG ایک برٹش برانڈ ہے۔ بینرز اور ہورڈنگز پر برطانیہ کا جھنڈا موجود ہے، جبکہ حال ہی میں لاہور میں ہونے والے ایک ایونٹ میں برطانیہ کے تمام رنگ نظر آئے، بلکہ پرفارمز بھی۔

کمپنی کی اس پہلو پر بھی توجہ دے رہی ہے کہ اس کی SUVs کے مختلف پہلو انگلینڈ کی تاریخی اور موجودہ یادگاروں سے متاثر ہوں۔ کمپنی آفیشلز کے مطابق فرنٹ لائٹس ‘لندن آئی’ سے متاثر ہیں جبکہ ZS EV کا نمایاں رنگ کوپن ہیگن بلو ہے، جو لندن ٹاور کے اندر کیے گئے رنگ سے متاثر ہے۔ تو یہ سمجھنا مشکل نہیں ہے کہ MG کو ایک خالص برٹش برانڈ کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ لیکن اہم سوال یہ ہے کہ کیا واقعی MG ایک برٹش برانڈ ہے۔ آئیے اس کمپنی کی تاریخ اور موجودہ اسٹیٹس کے بارے میں جانتے ہیں۔

MG موٹرز کی مختصر تاریخ:

MG موٹرز کا آغاز 1924 میں اسپورٹس گاڑیاں بنانے والے ادارے کی حیثیت سے ہوا۔ 1933 میں یہ پہلی برٹش کمپنی بنی کہ جس نے اٹلی میں مائل مگلیا ریس جیتی، پھر 1939 میں اس نے آسٹریلین گراں پری بھی جیتی اور 1945 تک یہ برطانیہ کا سب سے بڑا ایکسپورٹر بن چکا تھا۔ 1955 میں کمپنی نے 1,00,000 MGA گاڑیاں بنائیں اور 1982 میں 1300 MG میٹرو ٹربو لانچ کی، جس نے کمپنی کو غیر معمولی حیثیت دلائی۔

کمپنی نے 1980 اور 1990 کی دہائی میں غیر معمولی مقبولیت کا لطف اٹھایا۔ 2001 میں کمپنی نے نئی رینج متعارف کروائی کہ جس میں MG ZR، ZS اور ZT شامل تھیں۔ لیکن 2005 میں کمپنی کی مالک MG روور کا دیوالیہ نکل گیا۔

MG موٹرز میں چینی شمولیت:

تب ایک چینی کمپنی نانجنگ آٹوموبائل کارپوریشن (NAC) نے اسے سنبھالا۔ اور 2007 میں ایک اور چینی کمپنی SAIC نے MG موٹرز کو حاصل کر لیا۔ انہوں نے 2011 میں انگلینڈ میں پیداوار کا دوبارہ آغاز کیا، جب اس نے لانگ برج پلانٹ پر MG6 ہیچ بیک کی پیداوار شروع کی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ لانگ برج پلانٹ صرف فائنل اسمبلی تک محدود تھا کیونکہ اسے تقریباً 80 فیصد تک مکمل گاڑیاں چین سے ملتی تھیں۔ 2016 میں برطانیہ میں MG کا آخری پلانٹ لانگ برج بند کر دیا گیا۔ کمپنی نے اعلان کیا کہ اب SAIC چین میں MG گاڑیاں بنائے گی اور برطانیہ کو ایکسپورٹ کرے گی۔

SAIC لندن میں لانگ برج پلانٹ میں MG گاڑیاں ڈیزائن اور انجینئر کرتی رہی۔ لیکن مینوفیکچرنگ مکمل طور پر چین شفٹ ہو چکی ہے۔ جنوری 2020 میں اتھارٹیز نے لانگ برج پلانٹ کو منہدم کرنے کا آغاز کیا، یعنی ایک تاریخی کارخانے کا خاتمہ ہو گیا۔

SAIC-A کا مختصر تعارف:

شنگھائی آٹوموٹو انڈسٹری کارپوریشن (SAIC) چین کے بڑے کار مینوفیکچرنگ اداروں میں سے ایک ہے۔ کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق وہ مسافر اور کمرشل گاڑیوں اور آٹو پارٹس پر تحقیق، ان کی پیداوار اور فروخت کا کام کرتی ہے۔ اس کے علاوہ اس کے ماتحت اداروں میں SAIC پیسنجر وہیکل برانج، SAIC فوکس ویگن، SAIC جنرل موٹرز اور SAIC میکسس شامل ہیں، جو کمپنی کے آپریشنز کا حجم ظاہر کرتے ہیں۔ کمپنی کے مطابق اس نے 2019 میں 6.238 ملین گاڑیاں فروخت کی ہیں، جو چینی مارکیٹ کا 22.7 فیصد ہے اور یوں وہ “چینی مارکیٹ میں رہنما” ادارہ ہے۔ کمپنی نے غیر ملکی مارکیٹوں اور ایکسپورٹ سیلز سے بھی 3,50,000 گاڑیاں فروخت کی ہیں اور یہ 2020 کی فورچیون گلوبل 500 لسٹ میں 52 ویں نمبر پر ہے، اور اس فہرست میں موجود آٹومیکرز میں ساتویں نمبر پر ہے۔

کمپنی پر ایک نظر سے پتہ چلتا ہے کہ SAIC ایک بڑا ادارہ اور بذاتِ خود ایک برانڈ ہے، جو اسے ایک قابلِ بھروسہ ادارہ بناتے ہیں۔

آخری بات:

اگر ہم MG کی پوری داستان دیکھیں تو یہ واقعی برٹش برانڈ تھا کیونکہ ملک میں ایک طویل تاریخ رکھتا ہے؛ البتہ اب یہ ایک ایسا برانڈ ہے جو چینی کمپنی کی ملکیت ہے، جو اسے چینی برانڈ بناتی ہے۔

اپنے خیالات نیچے کمنٹس سیکشن میں پیش کریں۔

مزید ویوز، نیوز اور ریویوز کے لیے پاک ویلز بلاگ پر آتے رہیں۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.