خوشخبری – ٹویوٹا نے گاڑیوں کی بکنگ دوبارہ شروع کردی
اس ماہ کے آغاز میں ہم نے آپ کو بتایا تھا کہ ٹویوٹا پاکستان نے اپنی تمام کاروں کی بکنگ معطل کر دی ہے۔ کمپنی نے کہا کہ مارکیٹ کے موجودہ غیر یقینی اور غیر مستحکم حالات کی وجہ سے ٹویوٹا کے تمام ماڈلز کے آرڈرز کو اگلے نوٹس تک بند کر دیا گیا ہے۔ تاہم، اس حوالے سے ایک اچھی اپ ڈیٹ یہ ہے کہ کار کمپنی نے اپنا یہ فیصلہ واپس لے لیا ہے۔
ٹویوٹا نے اپنی کاروں کی بکنگ دوبارہ شروع کر دی ہے اور گاڑیوں کی قیمتوں میں تاحال کوئی اضافہ بھی نہیں کیا گیا۔ لہذا، اب آپ اپنی قریبی ٹویوٹا ڈیلرشپ پر جا سکتے ہیں اور اپنی پسند کی گاڑی بُک کروا سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ ابھی تک ٹویوٹا گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا ہے اور یہ ایک اہم اپ ڈیٹ ہے کیونکہ کِیا لکی موٹرز، چنگان ماسٹر موٹرز، پروٹون پاکستان اور پرنس DFSK سمیت متعدد کمپنیوں نے حال ہی میں اپنی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔
اب بھی اتنی مستحکم صورتحال نہیں
کمپنی نے ملک کی غیر مستحکم سیاسی اور اقتصادی صورت حال کی وجہ سے بکنگ کو معطل کر دیا تھا۔ چند ہفتے قبل ملک سیاسی تبدیلی سے گزر رہا تھا اور ڈالر کی قیمت 184 روپے سے 190 روپے تک پہنچ گئی تھی۔ اگرچہ اب نئی حکومت قائم ہو چکی ہے تاہم معاشی عدم استحکام بالخصوص امریکی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں کمی بدستور جاری ہے۔
مارکیٹ رپورٹس کے مطابق آج ڈالر کا ریٹ 186.50 روپے ہے جو کہ چند روز قبل 182 روپے تھا۔ لہذا، ایسا لگتا ہے کہ مارکیٹ اتار چڑھاؤ اور دیگر مسائل کا سامنا کرتی رہے گی۔ اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ آنے والے دنوں میں ٹویوٹا کی جانب سے بھی قیمتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے جبکہ ہمیں امید ہے کہ ایسا نہیں ہوگا۔
ٹویوٹا کی قیمت میں اضافہ
ٹویوٹا پاکستان کی جانب سے قیمتوں میں آخری اضافہ 22 مارچ 2022 کو ہوا تھا۔ کمپنی نے اپنے مقامی طور پر تیار شدہ تمام گاڑیوں کی قیمتوں میں 1257000 روپے تک کا اضافہ کیا۔