ہیونڈائی نے دوبارہ بُکنگ کا آغاز کر دیا لیکن ایک شرط پر۔۔۔
ہیونڈائی نشاط موٹر نے اپنے صارفین کو ایک اچھی خبر سنائی ہے اور وہ یہ ہے کہ کمپنی نے دوبارہ بُکنگ کا آغاز کر دیا ہے۔ کمپنی نے ڈیلرز کے لیے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا کہ ہمیں آپ کو یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ HNMPL مینجمنٹ نے آپ کے مطالبے کے حوالے سے سازگار نقطہ نظر اختیار کرتے ہوئے 30 مئی 2022 سے دوبارہ بکنگ کا آغاز کر دیا ہے۔
کمپنی نے بکنگ کھولنے کیساتھ ایک شرط بھی رکھی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، صارف کو سادہ کاغذ پر ایک اقرارنامے پر دستخط کرنا ہوں گے۔ نوٹیفکیشن میں لکھا گیا ہے کہ ڈیلرشپ کسٹمر سے دستخط شدہ اقرارنامہ حاصل کرنے کی ذمہ دار ہوگی۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈیلرشپ پی بی او فارم کی HNMPL کاپی کے ساتھ اصل HNMPL کو بھیجے گی جبکہ اقرار نامے کی ایک کاپی ڈیلرشپ کے پاس رہے گی۔
اقرارنامہ کیا ہے؟
ہنڈائی نشاط کے ایک اہلکار کے مطابق یہ کسٹمر کے لیے ایک انڈرٹیکنگ فارم ہے کہ وہ گاڑی کو بک کروانے سے قبل یہ جاننا ہو گا کہ ڈیلیوری سے پہلے قیمتیں بڑھ جائیں گی۔ یعنی کہ مستقبل قریب میں ہیونڈائی گاڑیوں کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔
ٹویوٹا اور پروٹون کی طرف سے بکنگ معطلی
اس سے قبل ٹویوٹا اور پروٹون اپنی کاروں کی بکنگ معطل کر چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ملک کی غیر یقینی سیاسی اور معاشی صورتحال کے باعث کمپنیوں نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ گزشتہ ایک ماہ میں امریکی ڈالر 182 روپے سے 202 روپے تک بڑھ گیا ہے۔ اگرچہ اب ڈالر مستحکم ہے اور روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے لیکن ابھی تک ان کمپنیوں نے بکنگ نہیں کھولی ہے۔ شاید وہ حالات کے مزید مستحکم ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔
ہم امید کرتے ہیں کہ صورتحال مستحکم ہو جائے گی اور تمام کمپنیوں کی بکنگ کھلے گی۔ ہم یہ بھی امید کرتے ہیں کہ گاڑیوں کی قیمتیں بڑھنے کا سلسلہ بھی بند ہو جائے گا کیونکہ یہ ایک معمول بن گیا ہے۔ پچھلے دو سالوں میں قیمتیں اس قدر بڑھ گئے ہیں کہ کاریں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو گئی ہیں۔
اس ساری صورتحال کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟ کمنٹس سیکشن میں اپنے خیالات کا اشتراک کریں۔