کِیا سپورٹیج کی بُکنگ معطل، کیا نئی جنریشن آ رہی ہے؟
کِیا لکی موٹرز نے چند روز قبل 4 اپریل کو اپنے دیگر ماڈلز کے علاوہ کِیا سپورٹیج کی بکنگ کو معطل کیا۔ اس معطلی سے پہلے مارکیٹ میں ایک افواہ گردش کر رہی تھی کہ کمپنی اس کراس اوور ایس یو وی کی نئی جنریشن پاکستان میں لانچ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ کمپنی کی جانب سے کیے گئے اس اعلان نے افواہوں میں اضافہ کیا۔ ایک نوٹیفکیشن میں کمپنی نے کہا کہ بکنگ اگلے آنے والے نوٹس تک معطل ہے۔
کیا یہ افواہ سچ ہے؟
کمپنی کی جانب سے کِیا سپورٹیج کی معطلی پر ہم نے اس بات کی تصدیق کرنے کا فیصلہ کیا کہ آیا یہ افواہ سچ ہے۔ لہذا، ہم نے اپنے ذرائع سے رابطہ کیا۔ ان کے مطابق، یہ ایک عارضی معطلی ہے اور اس کا سپورٹیج کی نئی جنریشن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اس لیے سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ سپورٹیج کی پانچویں جنریشن پاکستان میں کب آئے گی؟ ہمارے ذرائع کا خیال ہے کہ یہ گاڑی سال کے آخر یا آنے والے نئے سال کے آغاز میں آ سکتی ہے۔
اس قیاس آرائی کے پیچھے وجہ یہ ہے کہ کِیا نے جون 2021 میں عالمی مارکیٹ میں پانچویں جنریشن لانچ کی اور ہمارے خیال میں ڈیڑھ سال کا انتظار کافی ہے۔
ہم حقیقی طور پر امید کرتے ہیں کہ ہمارے ذرائع مستند ہیں اور کِیا لکی موٹرز پاکستان میں سپورٹیج کی نئی جنریشن کو متعارف کرائے گا۔
معطلی کی وجہ
بکنگ کی معطلی کے پیچھے ممکنہ بنیادی وجہ ملک میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی شرح میں کمی اور غیر یقینی سیاسی صورتحال ہے۔ جولائی 2021 سے ڈالر کے مقابلے روپیہ 15 فیصد گر گیا ہے، جس سے کار کمپنیوں پر براہ راست دباؤ پڑتا ہے۔ یہ کمپنیاں CKD کِٹس، سٹیل اور دیگر خام مال درآمد کرتی ہیں اور ڈالرز میں ادائیگی کرتی ہیں۔ لہذا، ڈالر کی شرح میں اضافہ کا مطلب یہ ہے کہ انہیں تقریباً ہر لین دین کے ساتھ زیادہ قیمت ادا کرنی پڑتی ہے۔
نیز، عالمی آٹو انڈسٹری ابھی بھی کورونا کے آفٹر شاکس کو محسوس کر رہی ہے کیونکہ شِپمنٹ چارجز اور پوری دنیا میں میٹریل کی قیمتوں میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ لہذا، مقامی مارکیٹ کو ملکی اور عالمی سطح پر سنگین مسائل کا سامنا ہے۔
ہمیں امید ہے کہ یہ مسائل جلد حل ہو جائیں گے اور حالات دوبارہ معمول پر آ جائیں گے۔