پاکستانی آٹو مارکیٹ کو بین الاقوامی کمپنیوں کی طرف سے بہت توجہ حاصل ہو رہی ہے۔ لوکل انڈسٹری پچھلے سال سے بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ کئی انٹرنیشنل آٹو میکرز ملک میں قدم رکھ چکے ہیں۔ پروٹون، چنگان، MG اور کِیا ان میں سے چند ہیں۔ اب کیونکہ یہ ادارے ہر مہینے ڈیڑھ میں نئی گاڑیاں لانچ کر رہے ہیں، تو آٹو پارٹس بنانے والے اداروں کے لیے بھی بڑے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ حیران کن طور پر میکسیکو وہ پہلا ملک ہے کہ جو اس کا فائدہ اٹھانے جا رہا ہے۔ تو اس خبر کی تفصیلات کچھ یہ ہیں:
میڈیا پر آنے والی خبروں کے مطابق میکسیکو اور پاکستان کی آٹوموٹو انڈسٹریز کے باہمی مفاد پر بات چیت کے لیے چار ویبنارز ہوئے تھے۔ ان ویبنارز میں میکسیکو کے نمائندوں نے پاکستان آٹو پارٹس انڈسٹری میں دلچسپی ظاہر کی۔
مستقبل میں میکسیکو اور پاکستان کے اداروں کی پارٹنرشپ
حال ہی میں میکسیکو میں پاکستان کی کمرشل قونصلر شبانہ عزیز میکسیکو کی آٹو موٹو انڈسٹری کے اہم اسٹیک ہولڈرز اور پاکستانی نمائندوں کی ایک ملاقات طے کروائی۔
صدر کلسٹر آٹوموٹرز ڈی SLP، وزیر ریاستی نمائندہ اور نائب صدر Aguascalientes ریاست نے میکسیکو سے اجلاس میں شرکت کی، پاکستان سے شرکت ڈارسن انڈسٹریز، مہران کمرشل انٹرپرائزز، منان شاہد فورجنگز، تھرموسول، کور ٹیک، اسٹینڈرڈ انجینئرنگ، لانڈھی انجینئرنگ، مرلالاسٹک ربڑ، پرسیشن پروڈکٹس، انفنٹی انجینئرنگ وغیرہ کی رہی۔
اجلاس کے دوران سابق چیئرمین پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹوموٹو پارٹس اینڈ ایکسیسریز مینوفیکچررز (PAAPAM) مشہود خان نے پاکستانی آٹوموٹو انجینئرنگ انڈسٹری نے پاکستانی آٹوموٹو کے مثبت پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور ان شعبوں پر بات کی کہ جہاں شراکت داری سے دونوں ملکوں کو فائدہ ہو سکتا ہے۔ مشہود خان نے کہا کہ فریقین نے تبادلہ خیال کیا کہ کووِڈ-19 کی وبا کے دوران آٹوموٹو انڈسٹریز کیسے کام کر رہی ہیں اور دونوں حکومتوں نے اپنی صنعتوں کو بڑھانے کے لیے کون سی پالیسیاں اختیار کی ہیں۔
اجلاس کا اختتام اس بات پر ہوا کہ میکسیکو کے آٹو پارٹس مینوفیکچرر لوکل مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کا فائدہ اٹھانے کے لیے پاکستانی اداروں کے ساتھ پارٹنرشپ کریں گے۔
میکسیکو دنیا میں آٹو پارٹس کی 7 ویں سب سے بڑی صنعت رکھتا ہے۔ ملک آٹو پارٹس کے بڑے ڈسٹری بیوٹرز میں بھی شمار ہوتا ہے۔ تو میکسیکو کے اداروں کی ہماری لوکل انڈسٹری کے ساتھ پارٹنرشپ واقعی ایک زبردست خبر ہے۔