2021 میں سب سے زیادہ سرچ کی جانیوالی نئی اور استعمال شدہ گاڑیاں
آج ہم پاک ویلز ڈاک کام پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی نئی اور استعمال شدہ گاڑیوں پر بات کرنے جا رہے ہیں۔ اس فہرست میں کچھ متوقع اور کچھ غیر متوقع گاڑیاں بھی دیکھنے کو مل سکتی ہیں۔ مزید برآں، لوگوں نے سال 2021 میں ہیچ بیک، سیڈان اور کراس اوور ایس یو وی کو سب سے زیادہ سرچ کیا ہے۔
اس سال کی انوکھی بات کورونا کے بعد کی صورتحال تھی جس نے پوری دنیا میں آٹو مارکیٹ کو سخت متاثر کیا۔ مشکلات کے باوجود اس سال تقریباً تمام کمپنیوں نے اچھا منافع کمایا جو مقامی صنعت کے لیے ایک اچھی علامت ہے۔ اس کے علاوہ وفاقی حکومت نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار گاڑیوں کی قیمتوں پر ٹیکسز میں کمی کی جس کے نتیجے میں گاڑیوں کی قیمتیں کم ہوئیں۔ تاہم، امریکی ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ اور دیگر پہلوؤں کی وجہ سے گزشتہ ماہ گاڑیوں کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے کو ملا۔
سب سے زیادہ سرچ کی جانیوالی گاڑیاں
2021 میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی گاڑیوں کی فہرست یہ ہے۔
1- سوزوکی آلٹو
سوزوکی آلٹو کو سب سے زیادہ سرچ کیا جانا کوئی حیران کن بات نہیں ہے کیوں کہ سوزوکی آلٹو اس سال کے دوران لوگوں کی پسندیدہ گاڑی رہی ہے۔ پاما رپورٹ کے مطابق پاک سوزوکی کی ہیچ بیک اس سال فروخت میں سرفہرست رہی۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاک ویلز کی ویب سائیٹ پر اس کار کی 0.8 ملین سرچز موجود ہیں جو کیہ یقینی طور پر اس گاڑی کے لیے بہت بڑی تعداد ہے۔
2- چنگان ایلسون
چنگان ایلسون سب کومپیکٹ سیڈان کی کیٹیگری میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی گاڑی ہے۔ رواں سال 2021 میں اس گاڑی کو پیٹرول ہیڈز نے 0.7 ملین بار سرچ کیا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لوگ اس نئی لانچ شدہ گاڑی میں کافی دلچسپی رکھتے ہیں۔
3- ہنڈا سٹی
تیسری سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی نئی ہنڈا سٹی کار ہے۔ کمپنی نے 2021 میں پاکستان میں 6 جنریشن ہنڈا سٹی لانچ کی اور اس کے لانچ ہونے سے پہلے ہی اس کار کو عوام کی جانب سے زبردست پذیرائی مل چکی تھی۔ اعداد و شمار کے مطابق کار کو تقریباً 0.65 ملین بار تلاش کیا گیا۔ سٹی ایک طویل عرصے سے مقامی مارکیٹ میں ایک مشہور کار رہی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ لوگ اسے اب بھی پسند کرتے ہیں۔
4- ٹویوٹا کرولا
اگرچہ انڈس موٹر نے پاکستان میں ٹویوٹا کرولا کا نیا ماڈل لانچ نہیں کیا ہے لیکن پھر بھی یہ سب سے زیادہ پسند کی جانے والی گاڑیوں میں شامل ہے۔ رواں سال گاڑی کو تقریباً 0.6 ملین بار سرچ کیا گیا ہے۔ یہ یقینی طور پر ایک بہت بڑی تعداد ہے اور اس کی ایک وجہ شاید ایک نئی گاڑی (X پیکج) اور کرولا کے اسپیشل ایڈیشن کی لانچ ہے۔
5- کِیا سپورٹیج
اس فہرست میں آخری گاڑی کِیا سپورٹیج ہے۔ یہ ایک کراس اوور ایس یو وی ہے جس نے مقامی مارکیٹ میں زبردست پذیرائی حاصل کرتے ہوئے اپنی حریف گاڑیوں کو پچھاڑ کر رکھ دیا۔ اپنی لانچ کے بعد سے ہی یہ گاڑی لوگوں کی پسندیدہ رہی ہے اور سڑکوں پر اس کی موجودگی اس کی واضح علامت ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے دوران اس گاڑی کی 0.5 ملین سرچز کی گئیں ہیں۔
سب سے زیادہ تلاش شدہ استعمال شدہ گاڑیاں
اب ہم 2021 میں استعمال شدہ کاروں کے سیشنز پر بات کریں گے۔ واضح رہے کہ پاک ویلز کے پاس استعمال شدہ کاروں اور ان کے ماڈلز کے لیے الگ الگ پیجز ہیں، اس لیے درج ذیل اعداد و شمار پاک ویلز کی ویب سائیٹ کے تمام صفحات سے لیے گئے ہیں۔
1- ٹویوٹا کرولا
حیران کن بات یہ ہے کہ ٹویوٹا کرولا یہاں سرفہرست ہے کیونکہ یہ پاکستان کی سب سے پسندیدہ کاروں میں سے ایک ہے۔ جب بھی اس گاڑی کے بارے میں کوئی خبر یا اپ ڈیٹ آتی ہے، لوگ پاک ویلز کی ویب سائیٹ PakWheels.com کا رخ کرتے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق، اس سیڈان نے 2021 میں 2.6 ملین سیشن حاصل کیے، جو کہ کافی حیران کن بات ہے۔
2- ہنڈا سوِک
کرولا کی سخت حریف ہنڈا سِوک دوسرے نمبر پر ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نئی کمپنیوں کے داخلے کے باوجود پاکستانی عوام ان پرانی گاڑیوں سے محبت کرتے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے دوران سِوک کو 1.4 ملین سیشنز ملے۔ لہذا، مقامی مارکیٹ میں دو پرانے حریفوں کے درمیان مقابلہ جاری ہے۔
3- ہنڈا سٹی
اس فہرست میں تیسرے نمبر پر شائقین کی ایک اور پسندیدہ سیڈان، ہنڈا سٹی موجود ہے۔ اگرچہ ہنڈا اٹلس نے رواں سال سٹی کی نئی جنریشن لانچ کی ہے لیکن پھر بھی لوگ اس کار کے پرانے ماڈل کو پسند کرتے ہیں۔ 2021 میں اس سال کار کو 9,60,000 سیشنز ملے جو کہ بہت بڑی تعداد ہے۔
4- سوزوکی کلٹس
سٹی کے بعد اس فہرست میں پہلی ہیچ بیک سوزوکی کلٹس کا نمبر آتا ہے۔ یہ گاڑی پاکستانی عوام میں کافی مشہور رہی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق اس سال کلٹس کے 750,000 سیشنز دیکھے گئے ہیں جس کا مطلب ہے کہ یہ اب بھی پاکستانی عوام میں کافی مقبول ہے۔
5- سوزوکی آلٹو
اس فہرست کی آخری گاڑی سوزوکی کی ایک اور ہیچ بیک سوزوکی آلٹو ہے۔ اس کار کو سال 2021 میں 652,000 سیشن ملے۔ مزید برآں، یہ گاڑی اس سال نئے یونٹس کی فروخت میں سرفہرست رہی ہے۔ اس کار کی مقبولیت کی وجہ اس کی بہترین مائلیج، سستے اسپیئر پارٹس اور ری سیل ہے۔
معزز ترین کار
مہران پاکستانی صارفین کی پسندیدہ اور معزز ترین کار ہے۔ اگرچہ یہ کار 2019 میں بند کردی گئی ہے لیکن پھر بھی استعمال شدہ گاڑیوں میں اس کی بہت زیادہ مانگ ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق اس سال کار نے 590,000 سیشنز حاصل کیے جہاں یہ 6 ویں پوزیشن پر ہے اور مارکیٹ میں نئی ہیچ بیکس کے لانچ کے باوجود اس کی مانگ ہے۔