حکومت کا پٹرول کی قیمتوں میں کمی کا اعلان
حکومت نے آج پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم ستمبر 2021 سے ہوگا۔ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 1.50 روپے کی کمی کی گئی ہے۔ جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 119.80 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 118.30 روپے ہو گئی ہے۔ دریں اثنا ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی)۔ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی بالترتیب 1.50 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ جس کے بعد ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 115.03 روپے، مٹی کا تیل 86.80 روپے اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل 8477 روپے فی لیٹر ہو چکا ہے۔
نوٹیفکیشن میں فنانس ڈویژن نے کہا کہ بین الاقوامی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور آنیوالے دنوں میں قیمتوں میں متوقع اضافے کے باوجود حکومت نے پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں کمی کی ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
پٹرول کی قیمتوں میں متوقع کمی
اس سے قبل آج اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ کل یکم ستمبر سے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی متوقع ہو سکتی ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے اس حوالے سے حکومت کو سمری بھیج دی ہے۔
ذرائع کے مطابق اتھارٹی نے پٹرول کی قیمت میں 3.5 روپے، ڈیزل 5 روپے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 2 روپے کمی کی تجویز دی ہے۔ وزارت خزانہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان سے مشاورت کے بعد کرے گی۔
پٹرول کی موجودہ قیمتیں
15 اگست کو وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا لیکن مٹی کے تیل کی قیمت میں 0.81 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 1.10 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔ اضافے کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 88.30 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 85 روپے 77 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی۔ پٹرول کی قیمت 119.80 روپے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 116.53 روپے ہی رہی۔
شہریوں کے لیے ریلیف
اگر پیٹرول قیمتیں کم ہوتی ہیں تو یہ شہریوں کے لیے ایک بہت بڑا ریلیف ہوگا۔ اس سے قبل حکومت یکم اگست تک پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل چار مرتبہ اضافہ کر چکی ہے۔ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نہ صرف گاڑیوں کے مالکان کو متاثر کیا ہے بلکہ اس سے دیگر اشیاء کی قیمتیں بھی اثر انداز ہوئی ہیں۔ پیٹرول کی قیمت میں کمی سے افراط زر کی شرح میں کمی آ سکتی ہے جو عوام کے لیے ایک اور ریلیف ثابت ہوگا۔
دوسرے شعبوں کی طرح کورونا نے بھی پٹرولیم سیکٹر کو سخت متاثر کیا ہے۔ گزشتہ چند ماہ میں عالمی وبا کورونا کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں بہت تیزی سے اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا ہے۔ ایک موقع پر پٹرول کا عالمی ریٹ کم ہو کر $ 0 ہو گیا تھا۔ ہمیں امید ہے کہ تیل کی قیمتیں مستحکم رہیں گی اور پاکستانی حکومت عام لوگوں تک فوائد منتقل کرے گی۔ حکومت سے آپ کی کیا توقعات ہیں؟ کیا آپ کو لگتا ہے کہ قیمتیں کم ہوں گی ؟ نیچے دئیے کمنٹ سیکشن میں اپنے خیالات کا اظہار کریں۔