سوزوکی ایوری پاکستان میں آئندہ چند ہفتوں میں لانچ کر دی جائے گی
گزشتہ تین سال سے بہت سی رپورٹس میں یہ کہا گیا کہ پاکستان سوزوکی موٹر کمپنی سوزوکی مقامی طور پر سمبل کی جانے والی سوزوکی ایوری کی رونمائی کے لیے تیار ہے اور ہر بار یہ خبر غلط ثابت ہوئی۔
اس سے قبل یہ امید کی جا رہی تھی کہ کمپنی یہ گاڑی 2022 میں لانچ کرے گی۔ بعدازاں پتہ چلا کہ شاید یہ گاڑی 2023 کے آخر یا 2024 کے پہلے نصف میں آ سکتی ہے لیکن یہ سب افواہیں ہی نکلیں اور اس بار اب جبکہ 2024 ختم ہونے کے قریب ہے تو ذرائع کے مطابق پاک سوزوکی “ایوری” کو آنے والے ہفتوں میں لانچ کر سکتی ہے۔
کمپنی کی جانب سے رواں ماہ ایک مخصوص تقریب متوقع ہے جس میں ڈیلرز اور دیگر کی شرکت کریں گے جبکہ یہ مِنی ایم پی وی کو باضابطہ طور پر اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں لانچ کیے جانے کی توقع ہے۔
کیا سوزوکی ایوری بولان کی جگہ لے گی؟
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سوزوکی کی یہ ایم پی وی پرانی بولان کی جگہ لے گی۔ یہ خبر لاہور ہائی کورٹ کے ایک حکم کے بعد سامنے آئی جس میں انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ جو کہ آٹو انڈسٹری کے لیے ریگولیٹری ادارہ ہے، کو ہدایت کی گئی کہ تمام کار ساز کمپنیاں ایئربیگز سے لیس گاڑیاں تیار کریں۔
اس خبر کے فوراً بعد پاک ویلز نے ای ڈی بی سے رابطہ کیا اور بورڈ کے ایک اہلکار نے تصدیق کی کہ تمام مقامی مینوفیکچررز اور امپورٹرز کو عالمی طور پر تسلیم شدہ حفاظتی معیار کے مطابق ایئر بیگز کی تنصیب سمیت ہدایات جاری کی گئی تھیں۔ کمپنیوں کو اس پر عمل درآمد کے لیے 2021 کے آخر تک کہا گیا تھا۔ تاہم، انہیں 18 ماہ کی توسیع دی گئی جو کہ وسط 2023 تک تھی۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود سوزوکی بولان ایئر بیگز کے بغیر فروخت ہو رہی ہے۔
انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ (EDB) کے اہلکار نے تصدیق کی کہ 2024 کے وسط تک تمام گاڑیوں کے لیے ایئر بیگز لازمی ہو جائیں گے۔ اس کا مطلب ہے کہ سوزوکی بولان جیسی گاڑیاں، جن میں فی الحال ایئر بیگز موجود نہیں، بند کر دی جائیں گی۔
آپ آنے والی اس گاڑی کے بارے میں کیا سوچتے ہیں؟ کیا سوزوکی ایوری اس بار لانچ ہوگی اور بولان کی جگہ لے گی؟ کمنٹس سیکشن میں اپنی رائے بتائیں۔