ہونڈا HR-V یا ہونڈا BR-V: پاکستان کے لیے کونسی گاڑی زیادہ موزوں ہے؟
Honda HRV جاپانی کار ساز ادارے کے اسی عالمی پلیٹ فارم پر تیار کی جاتی ہے جس پر ہونڈا فِٹ بنائی گئی ہے۔ یہ ہونڈا کی دیگر 2 کراس اوورز CR-V اور پائلٹ کے مقابلے میں قدرے چھوٹی ہے۔ عالمی سطح پر HR-V کی دوبارہ آمد سال 2014 میں ممکن ہوئی اور پاکستان میں اسے رواں سال پیش کیا گیا۔ پاکستان میں جاپان سے درآمد شدہ ہونڈا وِزل ہائبرڈ کی مشہوری دیکھتے ہوئے ہونڈا ایٹلس نے یہاں HR-V متعارف کروائی تاہم توقعات کے برخلاف یہ اب تک قابل ذکر کامیابی حاصل نہیں کرسکی۔ ہونڈا HR-V کی پاکستان میں عدم مقبولیت کی سب سے بڑی وجہ 36 لاکھ روپے کی انتہائی زیادہ قیمت ہے۔ اس کے علاوہ ہائبرڈ ٹیکنالوجی نہ ہونے کی وجہ سے بھی یہ گاڑی وِزل خریدنے والوں کو اپنی جانب متوجہ کرنے میں ناکام رہی ہے۔
دوسری طرف ہونڈا بریو، امیز اور موبیلیو کے پلیٹ فارم پر تیار ہونے والی ہونڈا BR-V آتی ہے جسے سال 2015 میں پہلی بار دکھائے جانے کے بعد رواں سال بھارت، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا میں پیش کیا گیا ہے۔ دونوں مذکورہ گاڑیوں HR-V اور BR-V کو ہونڈا کی چھوٹی SUV کی فہرست میں شامل کیا جاتا ہے۔ بھارت میں BR-V کی قیمت 8 لاکھ 75 ہزار روپے (13 لاکھ 69 ہزار پاکستانی روپے) سے شروع ہوتی ہے اور 11 لاکھ 99 ہزار روپے (18 لاکھ 75 ہزار پاکستانی روپے) تک جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہونڈا کے لیے HR-V کے بجائے نئی سِٹی کی پیشکش زیادہ فائدہ مند رہتی!
Also check out used Honda BR-V for sale on Pakwheels: Honda BRV
جہاں تک بات ہے ان دونوں گاڑیوں کے انجن کی تو BR-V میں ہائبرڈ ٹیکنالوجی استعمال نہ کیے جانے کے باوجود یہ 16 کلومیٹر فی لیٹر مائلیج فراہم کرسکتی ہے۔ یاد رہے کہ ہائبرڈ ٹیکنالوجی کی حامل ہونڈا وِزل 17 کلومیٹر فی لیٹر جبکہ ہونڈا HR-V 15 کلومیٹر فی لیٹر مائلیج فراہم کرتی ہے۔ HR-V کی طرح BR-V بھی 4-سلینڈر 1500cc انجن کے ساتھ پیش کی جارہی ہے۔ یہ انجن 6-اسپیڈ مینوئل اور CVT گیئر کے ساتھ 119 بریک ہارس پاور فراہم کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔
ہونڈا HR-V کے مقابلے میں ہونڈا BR-V نہ صرف کم قیمت ہے بلکہ BR-V کے عقب میں اضافی نشستیں شامل کر کے 7 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش بھی بنائی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ BR-V ماسوائے چوڑائی کے تمام پیمائشوں میں HR-V سے زیادہ بڑی ہے۔ طویل ویل بیس ہونے کی وجہ سے اس کا اندرونی حصہ بھی کشادہ ہے جبکہ یہ گراؤنڈ کلیئرنس کے اعتبار سے بھی بہترین ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہونڈا بریو پاکستان میں سوزوکی مہران کا عہد تمام کرسکتی ہے!
غرض کہ بہتر گنجائش، اضافی مائلیج خاص کر کم قیمت ہونے کی وجہ سے ہونڈا BR-V پاکستان میں وہ کامیابی حاصل کرسکتی تھی جو اب تک HR-V کو حاصل نہیں ہوسکی۔