ٹویوٹا انڈس موٹرز نے 1000 سے زائد گاڑیوں کی بُکنگ منسوخ کردی
گاڑیوں کی بُکنگ اور فراہمی کے درمیان وقفہ طویل تر ہوتا جارہا ہے اور لوگوں کو اپنی گاڑی کی چابی حاصل کرنے کے لیے ہفتوں نہیں بلکہ مہینوں تک انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ اس سنگین مسئلے پر قابو پانے کے لیے ٹویوٹا پاکستان نے انتہائی خطرناک اقدام اٹھایا ہے جس کی نظیر نہیں ملتی۔ ادارے کی جانب سے جاری ہونے والے اطلاع نامے میں کہا گیا ہے کہ ادارہ 1300 سے زائد گاڑیوں کی بُکنگ منسوخ کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ادارے نے پیشگی بُکنگ کرنے والوں کے حوالے سے تحقیق کی ہے اور صارفین کی پہچان و دیگر تفصیلات جاننے کے بعد کئی ایسے لوگوں کی بُکنگ کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے بظاہر سرمایہ کاری کی غرض سے گاڑی بُک کروائی اور مستقبل میں اسے زیادہ قیمت پر فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ٹویوٹا پاکستان کی جانب سے اس انتہائی قدم اٹھائے جانے کا مقصد حقیقی صارفین کے لیے بُکنگ کروانے کے مزید مواقع پیدا کرنا اور گاڑی کی فراہمی کے وقفے کو کم از کم کرنا ہے۔ مزید برآں، میرے خیال سے، یہ فیصلہ اس عفریت کے خلاف بھی انتہائی مؤثر ثابت ہوگا جو ON کے نامی پر لوگوں کو لوٹنے کا کاروبار کر رہے ہیں۔
ٹویوٹا پاکستان کا تازہ قدم گاڑیاں بنانے والے دیگر اداروں کے لیے ایک مثال ثابت ہوگا۔ قابل تعریف بات یہ ہے کہ ادارہ نے ان تمام خریداروں کی رقومات لوٹانے کا بھی فیصلہ کیا ہے جن کی بُکنگ منسوخ کی جارہی ہے۔ اس ضمن میں ایک طویل فہرست تیار کی گئی ہے جس میں منسوخ کی جانے والی بُکنگ کے رسید نمبر موجود ہیں تاکہ متاثرہ افراد اپنی ادا کی گئی رقم واپس لینے کے لیے ادارے سے رابطہ کرسکیں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ٹویوٹا پاکستان نے منسوخ کی جانے والی گاڑیوں کے مالکان کو ادارے سے رابطہ کرنے کا بھی کہا ہے تاکہ وہ غلط فہمی دور کرسکیں۔ اطلاع نامے میں ٹویوٹا انڈس موٹرز نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ ٹویوٹا گاڑیاں خریدنے کے خواہشمند افاد صرف مجاز 3S ٹویوٹا ڈیلرشپس کے ذریعے ہی نئی گاڑیوں کی بُکنگ کروائیں۔
اس ضمن میں ٹویوٹا پاکستان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم ان کی جانب سے تاحال جواب موصول نہیں ہوسکا۔ جیسے ہی پاک ویلز کو انڈس موٹرز کا ردعمل وصول ہوگا، ہم اسے اپنے قارئین کے ساتھ شیئر کریں گے۔ تب تک کے لیے ہمارے ساتھ رہیے۔
ٹویوٹا انڈس موٹرز پاکستان کے اس منفرد اقدام پر اپنی رائے دینا مت بھولیے۔