کیا پاکستان میں مہران کی جگہ نئی آلٹو متعارف کروائی جارہی ہے؟

1 279

انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کے مطابق پاک سوزوکی نے پاکستان میں لاکھوں ڈالر سرمایہ کاری اور نئے ماڈلز پیش کیے جانے سے متعلق اپنے دعوی کا عملی ثبوت پیش کرنا شروع کردیا ہے۔ یوں سوزوکی کلٹس کی جگہ سوزوکی سلیریو اور سوزوکی مہران کی جگہ نئی سوزوکی آلٹو پیش کیئے جانے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ یاد رہے کہ سوزوکی کلٹس کو پاکستان میں 16 سال جبکہ سوزوکی مہران کو 25 سال قبل متعارف کروایا تھا۔

پاک سوزوکی کی روایتی سست روی دیکھتے ہوئے کہا جارہا تھا سوزوکی سلیریو رواں سال 2016 کے آخر یا پھر آئندہ سال 2017 کے آغاز میں پیش کی جاسکتی ہے۔ تاہم تازہ ترین خبریں سامنے آنے کے بعد محسوس ہوتا ہے کہ پاک سوزوکی نے اپنی قدیم ترین گاڑیوں میں سے ایک سوزوکی مہران کی جگہ بھی نئی گاڑی پیش کرنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

Ahsan Iqbal Pak Suzuki Alto

ان تصاویر میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کو نئی سوزوکی آلٹو کا معائنہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ گاڑیوں کے شعبے بالخصوص سوزوکی کے مداحوں کے لیے یہ ایک غیر معمولی خبر ہے کہ پاک سوزوکی یہاں آٹھویں جنریشن کی سوزوکی آلٹو بنانے کی تیاری کر رہا ہے۔ اس سے قبل امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ اگر پاک سوزوکی نے مہران (Suzuki Mehran) کی جگہ کوئی اور گاڑی متعارف کروائی تو وہ آلٹو کی ساتویں جنریشن ہوگی۔ تاہم ان تصاویر نے ان امکانات کو رد کردیا ہے کہ پاک سوزوکی پرانی وضع کی گاڑی یہاں پیش کرنے جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وہ گاڑیاں جو کئی سالوں تک پاکستان میں تیار و فروخت کی جاتی رہیں

تصاویر میں موجود سوزوکی آلٹو (Suzuki Alto) 660cc انجن اور مینوئل گیئر باکس کی حامل ہے۔ وفاقی وزیر نہ صرف گاڑی کی ظاہری حالت بلکہ اندر تشریف فرما ہو کر بھی بغور معائنے میں مصروف دیکھے جاسکتے ہیں۔ انہی تصاویر میں پاک سوزوکی کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب ہیروفومی نگاؤ کو بھی دیکھا جاسکتا ہے جو 20 جون 2008 سے پاک سوزوکی سے وابستہ ہیں۔

پاک سوزوکی یا وفاقی حکومت کے متعلقہ شعبے نے اس معائنے کے بارے کسی بھی قسم کا تبصرہ نہیں کیا اور نہ ہی وفاقی وزیر نے اپنے تاثرات عوامی سطح پر بیان کیے ہیں۔ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ پاک سوزوکی محض حکومت کو منظور شدہ آٹو پالیسی میں من پسند تبدیلیوں کے لیے رضامند کرنا چاہتی ہے اور تازہ اقدامات صرف دکھاوا ہیں۔

اس بارے میں ہمیں جیسے جیسے مزید معلومات حاصل ہوتی رہیں گی ہم انہیں اپنے قارئین کے لیے پیش کرتے رہیں گے۔ ہمیں امید ہے کہ رواں سال 2016 پاکستان میں گاڑیوں کے شعبے کے لیے انقلابی تبدیلیوں کا نقطہ آغاز ثابت ہوگا۔

Ahsan Iqbal Pak Suzuki Alto

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.