7 چیزوں سے سوزوکی مہران کو بہتر انداز اور سہولیات کا حامل بنائیں!
اس بات میں کوئی دو رائے رکھنا ممکن نہیں کہ سوزوکی مہران (Mehran) پاکستان میں فروخت کی جانے والی سستی ترین گاڑی ہے۔ ملک میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی اس گاڑی کا سادہ ماڈل تقریباً ساڑھے سات لاکھ روپے میں دستیاب ہے۔ اور یہ صرف نام ہی کا ‘سادہ’ نہیں بلکہ اپنے نام کی طرح حقیقت میں بھی بالکل سادہ ہے۔ اس میں جدید خصوصیات تو ایک طرف ظاہری خوبصورتی کے لیے بھی کوئی اضافی چیز شامل نہیں کی جاتی۔ اس لیے مہران خریدنے والوں کو ازخود اپنی گاڑی کو خوبصورت بنانا پڑتا ہے۔ تو آج ہم ان 7 چیزوں سے متعلق بتا رہے ہیں جنہیں استعمال کر کے آپ اپنی سادہ سی گاڑی کو لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا سکتے ہیں۔
نشستوں کے غلاف (Seat Covers)
سب سے پہلے آپ کو نشستوں کے لیے اچھے ڈیزائن کے حامل معیاری غلاف خریدنے چاہئیں۔ یہ غلاف (seat covers) نہ صرف گاڑی کی خوبصورت میں اضافہ کریں گے بلکہ نشستوں کو بھی خراب ہونے سے محفوظ رکھیں گے۔ مارکیٹ میں دستیاب تیار شدہ غلاف کے علاوہ آپ من پسند رنگ اور ڈیزائن کے غلاف بھی سلوا سکتے ہیں۔ زیادہ بہتر یہی ہے کہ گاڑی کی نشستوں کے حساب سے اپنی پسند سے غلاف بنوائیں۔ گو کہ اپنی مرضی کے غلاف سلوانے میں کم از کم ایک دن کا وقت صرف ہوسکتا ہے لیکن یہ تیار شدہ غلاف کے مقابلے میں زیادہ بہتر سائز کے حامل ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: جدید خصوصیات سے آراستہ سوزوکی مہران VTi اوریئل پروسمیٹک
فرشی پائیدان (Floor Mats)
گاڑی کی نشستوں کو محفوظ کردینے کے بعد سب سے اہم پائیدان لینا ہے۔ مارکیٹ میں دستیاب پائیدان عام طور پر قالین کے ٹکڑوں یا پلاسٹک سے بنائے جاتے ہیں۔ یہ فرشی پائیدان گاڑی کے اندرونی حصے کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے ساتھ فرش کو بھی گندگی اور میل کچیل سے بچاتے ہیں۔ اگر آپ سوزوکی مہران یا کسی بھی دوسری گاڑی کے لیے پائیدان خریدنا چاہیں تو پاک ویلز آٹو اسٹور پر ضرور تشریف لائیں۔ یہاں آپ کو معیاری پائیدان انتہائی مناسب قیمت پر مل جائیں گی۔
آڈیو سسٹم (Audio System)
اس کا شمار تو گاڑی میں شامل لازمی سہولیات میں ہوتا ہے لیکن چونکہ سوزوکی مہران کسی بھی قسم کے نئے یا پرانے ساؤنڈ سسٹم کے بغیر دستیاب ہے اس لیے گاڑی میں آڈیو سسٹم بھی آپ کو خود ہی لگوانا چاہیے۔ آج کل کے اسٹیریئر سسٹم تو USB اور AUX پورٹس کے ساتھ دستیاب ہیں جن کے ذریعے آپ سفر کے دوران اپنے من پسند گانوں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ بس اپنے پسندید گانوں کو ایک USB یا اپنے اسمارٹ فون میں ڈاؤن لوڈ کریں اور جدید آڈیو سسٹم کی مدد سے انہیں مزے سے سنیں۔
یہ بھی دیکھیں: 145 کلومیٹر فی گھنٹہ – سوزوکی مہران نے کرولا، سِوک کو بھی پیچھے چھوڑ دیا
ایگزاسٹ ٹِپس (Exhaust Tips)
سوزوکی مہران رکھنے والے اکثر لوگوں کو ایگزاسٹ ٹپس استعمال کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ گو کہ اس سے گاڑی کی کارکردگی میں بہتری نہیں آتی تاہم یہ میران کو ایک نئے اور منفرد انداز دینے میں کافی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ مارکیٹ میں عام دستیاب یہ ایگزاسٹ ٹپس زنگ سے پاک لوہے (stainless steel) سے تیار کیے جاتے ہیں اور ان کی چمک گاڑی کے ایگزاسٹ کو خوبصورت بنا دیتی ہے۔
الائے رمز (Alloy Rims)
عام لوگ گاڑی کے پہیوں کو اتنی اہمیت نہیں دیتے کہ جتنی دینی چاہیے۔ گاڑی چاہے سوزوکی مہران ہو کیا کوئی اور پہیوں بالخصوص ٹائرز کا خیال ضرور رکھنا چاہیے۔ اور پھر جب مارکیٹ میں دستیاب الائے رمز ٹائرز کے ساتھ گاڑی کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کرتے ہوں تو بھلا کون انہیں نظر انداز کرسکتا ہے۔ سوزوکی مہران کے لیے 4 الائے رمز باآسانی 12 سے 15 ہزار روپے میں مل سکتے ہیں۔
ائیر فریشنر (Air Freshener)
گو کہ اس کا تعلق گاڑی کی خوبصورت سے نہیں لیکن مسافروں کو بہترین سفری تجربہ فراہم کرنے سے ضرور ہے۔ چونکہ مہران ایک چھوٹی گاڑی ہے اور اس طرز کی گاڑیوں میں پیٹرول اور دیگر چیزوں کی بو جلد جمع ہوجاتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ آپ اپنے ساتھ سفر کرنے والوں کا خیال رکھتے ہوئے گاڑی میں ایئرفریشنر لازمی رکھیں۔
یہ بھی پڑھیں: سوزوکی مہران سے بھی سستی سیڈان – اور کیا چاہیے!
سینٹرل لاکنگ (Central Locking)
بدقسمتی سے ہمارے یہاں گاڑیوں کی چوری عام بات ہے۔ اور بعد از فروخت (re-sale) اچھی قیمت پر فروخت ہونے والی گاڑیاں تو ویسے بھی کار چوروں کا پسندیدہ ترین رہتی ہیں۔ پھر چونکہ مہران سوائے روایتی لاک کے کسی بھی قسم کی حفاظتی سہولت سے بالکل عاری ہے اس لیے نئی گاڑی خریدنے کے بعد سینٹرل لاکنگ سسٹم شامل کروانا بہت ضروری ہے۔ چاروں دروازوں کے لیے سینٹرل لاکنگ موٹرز اور سینٹرل لاکنگ سسٹم باآسانی ڈھائی سے تین ہزار تک کسی بھی مارکیٹ سے لگواسکتے ہیں۔
یہ وہ چند چیزیں ہیں جن سے سوزوکی مہران کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ اور بھی بہت سی چیزیں مثلاً فون لگانے کا اسٹینڈ، یو ایس بی سے اسمارٹ فون چارجنگ، ٹائر میں ہوا بھرنے والے آلات بھی حسب ضرور خریدے جاسکتے ہیں۔ یہ اور ان جیسی بہت سی چیزیں پاک ویلز آٹو اسٹور پر دستیاب ہیں۔