سوزوکی کلٹس اور مہران ایک بار پھر CNG کے ساتھ دستیاب
پاک سوزوکی کچھ پریشان لگتا ہے اور اس نے ہمیں بھی پریشان کردیا ہے۔ دنیا بھر میں پیٹرول کی قیمتیں کم ہورہی ہیں جن کا اثر، مکمل طور پر نہ سہی لیکن کسی نہ کسی حد تک پاکستان میں بھی پڑا ہے۔ اب حال یہ ہے کہ پیٹرول کی قیمت CNG کے برابر ہوگئی ہے اور لوگ ایک بار پھر CNG کی لمبی قطاروں میں کھڑے ہونے سے بچنے کے لیے پیٹرول والی گاڑیوں کو ترجیح دینے لگے ہیں۔ اور ایسے وقت میں اگر سوزوکی جیسا ادارہ CNG گاڑیاں ایک بار پھر مارکیٹ میں لے آئے تو عجیب تو لگے گا ہی!
ماضی میں پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمت کے باعث سوزوکی کی طرف سے پیش کی جانے والی CNG گاڑیوں کی مانگ میں اضافہ ہوا تھا لیکن حکومت نے صنعت اور دیگر کارخانوں کو قدرتی گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے نجی گاڑیوں کے لیے گیس کی فراہمی کم کردی۔ مزید برآں اسی حکمت عملی کے تحت حکومت نے CNG سلینڈرز کی درآمدات پر بھی پابندی عائد کرتے ہوئے کار ساز اداروں کو CNG کٹ والی گاڑیاں تیار کرنے سے روک دیا۔
پاک سوزوکی نے 11 ستمبر 2015ء کو ایک بار پھر CNG کٹ لگی ہوئی سوزوکی کلٹس اور مہران پیش کرکے سب کو حیران کردیا ہے۔ پاک سوزوکی نے یہ قدم ایسے وقت میں اٹھایا ہے کہ جب CNG کٹ بنانے والے اطالوی ادارے لینڈی رینزو نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک میں تیاری ہونے والی گاڑیوں میں CNG لگانے کی اجازت دے اور ساتھ ہی بیرون ملک سے گاڑیوں کے پرزے درآمد کرنے پر عائد ڈیوٹی بھی 20 فیصد کم کرے۔
لینڈی رینزو چین، ایران، برازیل اور اطالیہ میں 37 لاکھ یورو مالیت کی CNG کٹس برآمد کرتا رہا ہے اور اسے پاکستان میں مقامی کار ساز اداروں کو بھی کٹس فراہم کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ ان اداروں میں سے ایک پاک سوزوکی بھی ہے۔
سوزوکی VXR CNG کی قیمت 11,09,000 روپے رکھی گئی ہے جبکہ مہران VXR CNG کی قیمت 7,48,000 روپے ہے۔
ایک اوراہم بات یہ ہے کہ پاک سوزوکی نے کلٹس VXL کو منقطع کردیا ہے۔ اس حوالے سے ہم نے پاک سوزوکی کا موقف جاننے کی کوشش کی تاہم کوئی جواب موصول نہیں البتہ دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی اطلاع کے مطابق کلٹس VXL منقطع کرنے کی وجہ ‘غیر معمولی قیمت ہے جو کوئی بھی ادا نہیں کرنا چاہ رہا’۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سوزوکی کلٹس VXR CNG کی قیمت اور کلٹس VXR بغیر CNG کی قیمت میں 75 ہزار روپے کا فرق ہے۔ جبکہ سوزوکی مہران میں یہی فرق 70 ہزار روپے کا ہے۔ اگر کلٹس VXL منقطع کرنے کی وجہ اس کی زیادہ قیمت ہے تو پھر کن بنیادوں پر کلٹس VXR کی قیمت 11 لاکھ روپے رکھی گئی ہے؟ اس سے بہتر تو ہے کہ استعمال شدہ سوزوکی سوفٹ ہی خریدلی جائے جو 50 ہزار کلومیٹر تک چلی ہو۔