فروخت کے اعتبار سے 5 بدترین گاڑیاں

0 179

جب کبھی گاڑیوں کی فروخت سے متعلق بات ہوتی ہے، ہم انہی گاڑیوں کا ذکر کرتے ہیں کہ جو سب سے زیادہ فروخت ہوتی آرہی ہیں۔ لیکن آج ہم نے گاڑیوں کی فہرست پر مختلف زاویے سے نظر ڈالنے کا فیصلہ کیا اور ان گاڑیوں کی فہرست مرتب کی جو فروخت کے اعتبار سے ناکام ترین ثابت ہوئیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فہرست میں شامل تمام ہی گاڑیوں سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ کی جارہی تھیں اور خیال تھا کہ یہ فروخت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گی لیکن قسمت کو شاید کچھ اور ہی منظور تھا تب ہی ان گاڑیوں نے بدترین فروخت کے ریکارڈ میں اپنا نام درج کروایا۔

نمبر 5: سوزوکی کزاشی (22,794 گاڑیاں)

فہرست کی شروعات بدنام زمانہ سوزوکی کزاشی سے کرتے ہیں جسے بہت سے قارئین بخوبی جانتے ہوں گے۔ امریکا اور بھارت میں بری طرح ناکام ہونے والی اس سیڈان کو پاک سوزوکی نے یہاں یعنی پاکستان میں متعارف کروایا۔ اس سے قبل دیگر ممالک میں سوزوکی صرف 22 ہزار 794 کزاشی ہی فروخت کرپایا تھا۔ اس کی ناکامی کی کلیدی وجہ بہت زیادہ قیمت ثابت ہوئی۔ پاکستان میں بھی سوزوکی نے اسے 50 لاکھ روپے میں متعارف کروایا۔ اس قیمت پر اگر سوزوکی نے چند گاڑیاں بھی فروخت کری ہوں تو یہ اس کی کامیابی سمجھی جائے گی کیوں کہ ایک اوسط سائز کی سیڈان کو مرسڈیز C کلاس کی قیمت میں فروخت کرنا کوئی آسان کام نہیں۔

Suzuki-Kizashi_2010Suzuki-Kizashi_2010

نمبر 4: مٹسوبشی رائیڈر (21,890 گاڑیاں)

پچھلے چند سال مٹسوبشی کے لیے بہت زیادہ اچھے ثابت نہیں ہوئے حتی کہ اسی دباؤ میں انہیں اپنی مشہور زمانہ مٹسوبشی ایوُو کو بھی بند کرنے کا اعلان کرنا پڑا۔ مٹسوبشی رائیڈی کو سال 2005ء میں پیش کیا گیا تھا۔ اسے امریکا میں کرائسلر نامی ادارے نے ڈاج ڈاکوٹا کی طرز پر تیار کیا تھا۔ دراصل مٹسوبشی ایک درمیانے سائز والے پک اپ ٹرک کے ذریعے اپنی گاڑیوں کی فہرست میں موجود خلا کو پر کرنا چاہتا تھا تاہم شاید وہ یہ بات بھول گئے کہ ان کے مقابل فورڈ F-150 جیسے ٹرک تھے جو کامیابی کی طویل تاریخ رکھتے ہیں۔ نتیجتاً مٹسوبشی بری طرح ناکام ہوا اور چار سال کے طویل عرصے میں صرف 21 ہزار 890 گاڑیاں فروخت کرنے کے بعد تیاری بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

نمبر 3: رینالٹ آونٹائم (8,857 گاڑیاں)

فروخت میں ناکام ہونے والی اس گاڑی کو اب تک تیار ہونے والی تمام MPV  سے خوبصورت ترین قرار دیا جاتا ہے۔ شاید اس گاڑی کی پیشکش سے رینالٹ دنیا کو دکھانا چاہتا تھا کہ MPVs اپنے انداز میں سوزوکی مہران جیسی نہیں ہوتیں بلکہ اسے ایک خوبصورت گاڑی کے روپ میں بھی پیش کیا جاسکتا ہے۔ سال 2001ء میں رینالٹ نے اسے پیش کیا جس میں 2+2 کوپے کی قابلیت اور دلکش انداز سمیت ہر خوبی شامل تھی۔ لیکن درحقیقت آونٹائم اپنے وقت سے پہلے پیش کردی گئی تھی جس کا اندازہ اس کے نام میں شامل فرانسیسی لفظ آون سے بھی لگایا جاسکتا ہے جس کے “آگے” کے ہیں۔ بہرحال، وجہ کوئی بھی ہو، قابل افسوس امر یہ ہے کہ خوبصورت MPV کو زیادہ مقبولیت حاصل نہیں ہوئی اور تین سال میں صرف 8 ہزار 857 گاڑیاں ہی فروخت کی جاسکیں۔

Renault-Avantime_2002Renault-Avantime_2002

نمبر 2: سوزوکی ایکویٹر (5,808 گاڑیاں)

سوزوکی کی ایک اور گاڑی اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔ ایک اوسط سائز کا ٹرک جسے نسان فرنٹیئر کی طرز پر بنایا گیا تھا۔ ایکویٹر پیش کرنے کا مقصد کم قیمت پک اپ ٹرک پیش کرنا تھا یہی وجہ ہے کہ اس کی قیمت 17,220 امریکی ڈالر سے شروع ہوتی تھی۔ یہ فورڈ F-150 سے بھی زیادہ سستی تھی اور اسے پیش کرنے کا ایک مقصد F-150 کی جگہ لینا ہی تھا۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے سال 2009ء میں اس نے پیٹرسن کے 4 ویل اور آف روڈز 2009 کے سالانہ ایوارڈ میں فورڈ F-150 اور ڈاج ریم کو شکست دی تھی۔ لیکن ان سب کے باوجود ایکویٹر کی فروخت قابل ذکر نہ رہی اور صرف 5 ہزار 808 کی تعداد میں فروخت ہونے کے بعد یہ بلحاظ فروخت بدترین گاڑیوں میں دسرے نمبر پر آئی۔

2013-suzuki-equator2009 Suzuki Equator

نمبر 1: ایکیورا ZDX (5,677 گاڑیاں)

اب بات کرتے ہیں سرفہرست، بدنام زمانہ ایکیورا ZDX کی۔ شاید ہمارے کچھ قارئین پہلے بھی یہ نام سن چکے ہوں گے۔ یہ دراصل ہونڈا کی تیار کردہ گاڑی تھی جسے پرتعیش برانڈ ایکیورا کے لیے بنایا گیا تھا۔ ZDX ایک اوسط سائز کی پرتعیش کراس اوور تھی اور 2 دروازوں والی کوپے سے مشابہ انداز والی کراس اوور بنانے کی پہلی کوشش بھی۔ تکنیکی اعتبار سے ZDX کوئی بہت بری گاڑی نہیں تھی۔ اس کے انداز اور کارکردگی مناسب تھی۔ اندرونی حصہ میں دی جانے والی سہولیات کو بھی کافی کہا جاسکتا ہے۔ لیکن اس کے باوجود چار سال میں صرف 5 ہزار 677 ہی خریداروں کو راغب کر سکی۔ کسی حد تک ZDX کی ناکامی کی وجہ اس سے بہت زیادہ ملتی جلتی لیکن سستی گاڑی ہونڈا پائلٹ بھی ہے لیکن بنیادی وجہ اس کے بھدے انداز کو قرار دیا جاتا ہے۔ ZDX کا چہرہ بہت زیادہ تنازعات کا شکار رہا۔ چونکہ پہلی نظر ہی دیرپا ہوتی ہے اس لیے اس کے برے چہرے نے گاڑی کی مجموعی ساکھ کو بھی بری طرح نقصان پہنچایا اور یوں یہ فروخت کے اعتبار سے ناکام ترین گاڑی ثابت ہوئی۔

Acura-ZDX_2010Acura-ZDX_2010

آپ ان گاڑیوں کے بارے میں کیا رائے رکھتے ہیں؟ ہمیں بذریعہ تبصرہ ضرور آگاہ کریں۔ اس کے علاوہ اگر آپ گاڑیوں کی دیگر فہرست دیکھنا چاہیں تو ہم تک اپنے منفرد آئیڈیاز بھی ضرور پہنچائیں۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.