پاکستان میں ٹویوٹا ایونزا کا نیا انداز متعارف؛ لیکن ‘خاموشی’ کے ساتھ!
بلاشبہ پاکستان میں گاڑیوں کے شعبے کے لیے رواں سال بہت اہم اور خوش آئند ثابت ہورہا ہے۔ طویل عرصے کی خاموشی کے بعد اب اس شعبے میں بھی مثبت سرگرمیوں کا آغاز ہوتا نظر آرہا ہے۔ نت نئی گاڑیوں کی آمد اور غیر ملکی اداروں کی پاکستان میں کاروبار اور گاڑیوں کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے اظہار دلچسپی سے اس بات کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ اگر شعبے میں مثبت سرگرمیوں کی شروعات کا سہرا پنج سالہ آٹو ڈیولپمنٹ پالیسی برائے 2016-21 کے سر باندھا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔
اب سے تقریباً ایک ماہ قبل پاکستان میں نئی ٹویوٹا لینڈ کروزر متعارف کروانے کے بعد ٹویوٹا انڈس موٹرز نے نئی ٹویوٹا ایونزا (Avanza) بھی پیش کردی ہے تاہم اس کے لیے نامعلوم وجوہات کی بنا پر تشہیر سے پرہیز کیا گیا ہے۔ لینڈ کروزر کی طرح دوسری جنریشن ایونزا کو بھی تین سال بعد اپڈیٹ کیا گیا ہے۔ ان دونوں ہی گاڑیوں کو عالمی سطح پر اب سے ایک سال قبل اگست 2015 میں متعارف کروایا گیا تھا۔ پاکستان میں ٹویوٹا (Toyota) گاڑیاں تیار اور فروخت کرنے والے ادارے انڈس موٹرز نے ماضی کے برعکس نئی لینڈ کروزر اور نئی ایونزا کو یہاں متعارف کروانے کے لیے خاصی پھرتی کا مظاہرہ کیا ہے۔
نئی ٹویوٹا ایونزا کا ظاہری انداز (Exterior)
روایتی اپڈیٹس کی طرح نئی ٹویوٹا ایونزا کے ظاہری انداز میں خاصی متاثر کن تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ مجموعی طور پر ایونزا کو ایک بالکل نیا انداز دینے کے لیے اگلی جانب بڑی کروم گِرل استعمال کی گئی ہے جس سے گاڑی کی جاذبیت میں اضافہ ہوا ہے۔ بونٹ کے رنگ سے بالکل مختلف چمکتی ہوئی گِرل کے علاوہ اگلے حصے میں پہلے سے بڑی ہیڈلائٹس بھی بہت نمایاں نظر آئیں گی۔ ان ہیڈ لائٹس کو گاڑی کے اگلے بمپر میں موجود curve میں سمویا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نئی ایونزا میں شامل رمز بھی نئے ڈیزائن ے حامل ہیں۔

پچھلی جانب نظر ڈالیں توایونزا کا نیا انداز موجودہ جنریشن کی پرانی گاڑیوں جیسا ہی معلوم ہوتا ہے۔ البتہ یہاں پچھلے دروازے کے ہینڈل اور عقبی لائٹس کو مزیدجگہ فراہم کی گئی ہ جو خاصی اچھی تبدیلی معلوم ہوتی ہے۔ البتہ میرے خیال سے انڈونیشیا میں پیش کی جانے والی گرینڈ ایونزا کی ان خوبصورت لائٹس سے دیگر ممالک کی طرح پاکستان بھی محروم ہی رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ہونڈا BR-V: وِزل اور CR-Z کے بعد ہونڈا یہ موقع بھی ضائع کرے گا؟

نئی ٹویوٹا ایونزا کا اندرونی حصہ (Interior)

ظاہری حصے کے برعکس نئی ٹویوٹا اینزا کے اندرونی حصے میں معمولی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ سب سے زیادہ نمایاں تبدیلی تو رنگ کی ہے جسے مزید گہرا کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ انفارمیشن کلسٹر کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔ انفارمیشن کلسٹر کا یہ نیا ڈیزائن پاکستان میں دستیاب ٹویوٹا کرولا (Corolla) کے بہت سے ماڈلز میں شامل انفارمیشن کلسٹر سے کافی مختلف ہے۔

نئی ٹویوٹا ایونزا کی قیمت (Price)
پاکستان میں ٹویوٹا ایونز کی دوسری جنریشن 28,49,000 روپے میں متعارف کروائی گئی تھی تاہم نئے انداز (facelift) متعارف کروائے جانے کے بعد اس کی قیمت 29,99,000 روپے کردی گئی ہے۔ ماضی کی طرح ٹویوٹا انڈس موٹرز نئی ایونزا کو بیرون ملک سے مکمل تیار شدہ حالت (CBU) میں درآمد کر کے فروخت کرتا رہے گا۔ نئی ایونزا کے ساتھ بھی 2 سال اور 50 ہزار کلومیٹر مسافت تک کی وارنٹی فراہم کی جائے گی جسے حسب ضرورت پاکستان بھر میں موجود انڈس موٹرز کے 3S ڈیلرشپس کے ذریعے استعمال کیا جاسکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: چین میں FAW سائیریس S80 کا نیا انداز متعارف
پاکستان میں باضابطہ طور پر صرف دو ہی MPVs پیش کی جاتی ہیں جن میں ایک سوزوکی APV اور دوسری ٹویوٹا ایونزا ہی ہے۔ اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پاکستان میں ٹویوٹا ایونزا کے نئے انداز کی آمد کس قدر خوش آئندہ ہے۔ تاہم قیمت میں ڈیڑھ لاکھ روپے اضافے کے بعد کیا نئی ایونزا 30 لاکھ روپے کے بجٹ میں دستیاب گاڑیوں میں اپنی اہمیت برقرار رکھ سکے گی؟ اس بات کا فیصلہ تو قارئین اور گاڑیوں کے خریداروں کو کرنا ہے۔ لہٰذا ہمیں اپنی رائے سے ضرور آگاہ کریں۔