نئی اسپورٹس بائیک یاماہا R25 کی پاکستان آمد کا امکان

0 430

نئی یاماہا 125 کی آمد پاکستان میں موٹر سائیکل کے شعبے میں تازہ ہوا کا جھونکا تھی۔ یاماہا جاپان کا قابل اعتبار نام اور Yamaha YBR 125 کے منفرد ڈیزائن نے کئی لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کیا۔ پہلی بائیک کی کامیابی کے بعد یاماہا نے YBR125G متعارف کروائی۔ یوں ایک طویل عرصے بعد پاکستان میں دہائیوں پرانی ٹیکنالوجی کے ساتھ تیار ہونے والی موٹر سائیکلوں کے علاوہ ہمیں کچھ نیا دیکھنے کو ملا۔

یہ بھی دیکھیں: یاماہا YBR 125 اور یاماہا YBR 125G کا تصویری موازنہ

گزشتہ سال کی آخری ششماہی میں یاماہا(Yamaha) موٹر سائیکلوں کی فروخت بہت عمدہ رہی حتی کہ انتہائی کم وقت میں سوزوکی موٹر سائیکلوں کے ہم پلہ آگئیں۔ یاد رہے کہ سوزوکی پاکستان میں کئی سالوں سے کام کر رہا ہے۔ بہرحال، YBR 125G کے بعد خبریں گردش کر رہی تھیں کہ یاماہا اس کا ایک اور ورژن YBR 125Z کے نام سے پیش کرے گا۔ 125G کے برعکس نئی موٹر سائیکل روز مرہ استعمال کے لیے بنانے کا خیال پیش کیا گیا تھا۔ بہت سے لوگ کہتے ہیں YBR 125 اور YBR 125G خاندانی بائیکس نہیں ہیں کیوں کہ ان کا فیول ٹینک اور پچھلی نشست قدرے اونچی ہے اس لیے دو افراد اور چھوٹے بچوں کے ساتھ طویل سفر مشکل ہوسکتا ہے۔ لیکن یاماہا کی جانب سے اب تک YBR 125Z سے متعلق کسی خبر کی تصدیق نہیں ہوسکی اور نہ ہی ہمیں اس حوالے سے کوئی پیش رفت نظر آئی۔

Yamaha YBR125 Z
Yamaha YBR125 Z
Yamaha YBR 125G Pakistan  (23)
Yamaha YBR 125G

اب تازہ خبر یہ ہے کہ یاماہا پاکستان بہت جلد 250 سی سی اسپورٹس بائیک متعارف کروانے جا رہا ہے۔ یاماہا YBR 125Z سے بھی پہلے اس کی آمد متوقع ہے جسے Yamaha R25 کا نام دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یاماہا YBR 125 بمقابلہ روڈ پرنس ویگو 150 سی سی

ہم تک یہ خبر انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے ذریعے پہنچی۔ گوکہ ابھی تک یاماہا پاکستان نے ان خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ لاہور میں یاماہا کے ڈیلر نے اپنے فیس بک صفحے پر نئی بائیک متعارف کروانے سے متعلق لکھا ہوا ہے۔ وہاں تو یہ تک لکھا گیا ہے کہ بہت جلد اس نئی بائیک کے آرڈر لینا شروع کردیے جائیں گے جبکہ اس کی باضابطہ آمد مارچ 2016 میں ہوجائے گی۔

اس خبر پر مزید تجزیے سے قبل میں چاہوں گا کہ آپ کو یاماہا R25 کے بارے میں بتاتا چلوں۔ یہ موٹر بائیک YZF-R25 کے نام سے بھی بین الاقوامی مارکیٹ میں پیش کی جاتی ہے۔ اس میں 250 سی سی دہرے سلینڈر کا حامل انجن لگایا جاتا ہے جو 8- والو DOHC یونٹ ہے۔ بائیک کی رفتار 35.5 بریک ہارس پاور جبکہ ٹارک 22.1 نیوٹن میٹر ہے۔ اس کا مجموعی وزن 165 کلو گرا ہے۔ تقریباً 14.30 لیٹر ایندھن ٹینک میں بھرا جاسکتا ہے۔ یاماہا R25 کی رفتار 170 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کچھ زیادہ ہے۔

Yamaha R25Yamaha R25

پاکستان میں دستیاب واحد 250 سی سی بائیک سوزوکی (Suzuki) انزوما ہے اس لیے متوقع R25 کا براہ راست مقابلہ اسی بائیک سے ہوگا۔ البتہ دونوں میں بنیادی فرق یہ ہے کہ ہے کہ R25 اسپورٹس بائیک ہے جبکہ انزوما کو کروز –ٹائپ بائیک شمار کیا جاتا ہے۔ سوزوکی انزوما کی قیمت سوا 7 لاکھ روپے ہے۔ یاماہا R25 کی قیمت 5 سے 6 لاکھ روپے رکھے جانے سے متعلق خبریں موصول ہورہی ہیں جو واقعی حیرت انگیز ہے۔قیمت میں اتنی زیادہ رعایت دی گئی تو نہ صرف یہ سوزوکی موٹر سائیکل بلکہ Honda CBR 150R کو بھی پیچھے چھوڑ دے گی جس کی قیمت 6 لاکھ 60 ہزار روپے ہے۔

ہم امید کرتے ہیں کہ اس بار گردش کرنے والی خبریں محض افواہ ثابت نہیں ہوں گی اور ہم بہت جلد ایک نئی، خوبصورت اسپورٹس بائیک اپنی سڑکوں پر دوڑتا ہوا دیکھ سکیں گے۔ اس سے نہ صرف موٹر سائیکل بنانے والی مقامی اداروں کو تحریک حاصل ہوگی بلکہ دیگر بین الاقوامی اداروں کو بھی پاکستان میں کام کرنے کی ترغیب ملے گی۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.