سوزوکی گاڑیوں کے نئے رنگ
ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پاک سوزوکی نے اپنی روایات کو ترک کر کے کچھ نیا کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ حال ہی میں نت نئی موٹر سائیکلوں کی پیشکش کے بعد اب یہ ادارہ اپنی گاڑیوں کو بھی دلچسپ، خوبصورت اور پرکشش رنگوں سے مزین کر رہا ہے۔ چند ماہ قبل نیلے رنگ کی مہران کے چرچے ہم سب نے سنے اور شاید اسی سے متاثر ہو کر پاک سوزوکی نے مسافر اور سامان بردار گاڑیوں کو نئے سبز رنگ میں متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیا سبز رنگ صرف سوزوکی راوی اور سوزوکی بولان میں دستیاب ہوگا۔ بظاہر یہ دونوں گاڑیاں سبز رنگ میں ویسی ہی معلوم ہوں گی کہ جیسے حکومت پنجاب کی ’’اپنا روزگار اسکیم‘‘ کے تحت رعایتاً دی جانے والی راوی اور بولان تھیں۔ لیکن بغور دیکھا جائے تو اسکیم کے تحت دی جانے والی گاڑیوں پر گہرا سبز رنگ کیا گیا تھا، جیسا کہ تصویر میں فرش پر دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ گاڑی کا رنگ قدرے ہلکا سبز ہے جیسا کہ درخت کے نئے پتوں کا ہوتا ہے۔
فی الوقت یہ معلوم نہیں کہ آیا اس رنگ کی گاڑیاں کسی خاص اسکیم یا ادارے کے تحت پیش کی جائیں گی یا پھر یہ رنگ عام خریداروں کو بھی دستیاب ہوگا۔ سچ پوچھیں تو نیلے اور سبز رنگ کی گاڑیاں دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ ان رنگوں میں متعارف کروانے کا مشورہ دینے والی شخصیت معروف کارٹون اسکوبی ڈو میں نظر آنے والی ’مسٹری مشین‘ سے بہت متاثر ہے۔ بہرحال، اب تک کے لیے اتنا ہی۔ مزید رنگا رنگ خبروں کے لیے پاک ویلز کے ساتھ رہیے!