پاک سوزوکی ویگن آر بمقابلہ درآمد شدہ ویگن آر – ایک مختصر جائزہ
جاپان سے درآمد کی جانے والی سوزوکی ویگن آر کی مقبولیت دیکھتے ہوئے پاکستان میں گاڑیاں تیار کرنے والے ادارے پاک سوزوکی نے بھی اسے پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔ مقامی تیار شدہ ویگن آر کی فروخت اپریل 2014 میں شروع ہوئی۔ پاک سوزوکی نےمالی سال 2013-14 کے دوران 2,532 فروخت کیں۔ اگلے مالی سال 2014-15 میں ویگن آر کی فروخت تقریباً دوگنا ہو کر 5,067 تک پہنچ گئی۔پاما کی ماہانہ رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاک سوزوکی نے جنوری 2016 میں 1 ہزار سے زائد ویگن آر فروخت کیں۔ یہ کسی بھی ایک مہینے میں ویگن آر کی سب سے زیادہ فروخت کا ریکارڈ ہے۔دو سالوں میں پاک سوزوکی نے ویگن آر کی فروخت میں کافی اتار چڑھاؤ دیکھے جو یقیناً ان کی توقعات کے برخلاف رہا۔ تاہم بالآخر پاک سوزوکی ویگن آر دیر سے ہی سہی لیکن پاکستانی خریداروں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو ہی گئی۔
اسے پاک سوزوکی کا دلیرانہ اقدام کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کہ انہوں نے درآمد شدہ ویگن آر کے مقابلے میں مقامی تیار شدہ ویگن آر پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کی دیکھا دیکھی ہونڈا ایٹلس نے بھی درآمد شدہ وِزل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت دیکھتے ہوئے ہونڈا HR-V پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔ یاد رہے کہ جاپان سے استعمال شدہ ویگن آر کی درآمد 2011-12 میں شروع ہوئی تھی۔
ویگن آر کا شمار چھوٹی Kei کارز میں کیا جاتا ہے۔ اسے پہلی بار جاپان میں سال 1993 میں پیش کیا گیا تھا۔ اسے نہ صرف جاپان بلکہ پاکستان میں بھی کافی مقبولیت حاصل ہوئی۔ فی الوقت جاپان میں تیار ہونے والی ویگن آر کی پانچویں جنریشن (2012 تا حال) درآمد کی جارہی ہے تاہم استعمال شدہ گاڑیوں کی مارکیٹ میں 1995 کی ویگن آر بھی دیکھی جاسکتی ہے۔ پاکستان درآمد ہونے والی ویگن آر کی تمام جنریشنز میں سے چوتھی جنریشن (2008-2012) اور پانچویں جنریشن (2012 تا حال) کو کافی مقبولیت حاصل ہوئی۔ بلاگ کو مختصر رکھنے کے لیے ہم صرف پاکستان میں تیار ہونے والی سوزوکی ویگن آر اور جاپانی ویگن آر کی سب سے مقبول چوتھی جنریشن کا تقابل کر رہے ہیں۔
جاپان سے درآمد کی جانے والی ویگن آر میں 660cc انجن شامل ہوتا ہے لیکن پاک سوزوکی نے ویگن آر کو 1 ہزار سی سی 3-سلینڈر K- سریز انجن کے ساتھ پیش کیا۔ درآمد شدہ ویگن آر آٹومیٹک ٹرانسمیشن کے ساتھ آتی ہے جبکہ مقامی ویگن آر میں انجن کے ساتھ 5-اسپیڈ مینوئل ٹرانسمیشن منسلک ہے۔
پاکستان میں تیار ہونے والی سوزوکی ویگن آر کے تین ورژنز پیش کیے جاتے ہیں:
• VX – قیمت: 859,000 روپے
• VXR – قیمت: 969,000 روپے
• VXL – قیمت: 1,009,000 روپے
نئی سوزوکی گاڑیاں آسان اقساط پر حاصل کرنے کے لیے یہاں کلک کریں
سوزوکی ویگن آر کا بیس ماڈل VX میں صرف عام سہولیات ہی شامل ہیں۔ جبکہ ویگن آر کے بہترین ماڈل VXL میں پاور اسٹیئرنگ، برقی ونڈوز، ٹیکومیٹر، ریموٹ کنٹرول اور سینٹرل لاک ، ایئر کنڈیشن، حفاظتی الارم اور آڈیو سسٹم جیسی بے شمار خصوصیات شامل ہیں۔
اگر آپ پاک سوزوکی سے نئی ویگن آر نہیں خریدنا چاہتے تو استعمال شدہ گاڑیوں کی مارکیٹ سے 2014 کی ویگن آر VXL کم و بیش دس لاکھ روپے میں مل جائے گی۔ جبکہ ویگن آر VX میں 2014 ہی کا ماڈل 9 لاکھ روپے سے بھی کم قیمت میں دستیاب ہوگا۔شاید آپ یہ سوچ رہے ہوں کہ نئی اور پرانی ویگن آر کی قیمتوں میں کوئی فرق نہیں ہے تو آپ کو بتاتےچلیں کہ نئی گاڑی خریدنے کی صورت میں رجسٹریشن، ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کی مد میں بھی اضافی رقم خرچ ہوسکتی ہے۔ اگر آپ یہ اضافی رقم ادا سکتے ہیں اور رجسٹریشن و دیگر مراحل سے گزردسکتے ہیں تو نئی ویگن آر خریدلیں مگر ایک سال پرانی ویگن آر خریدنا زیادہ برا فیصلہ نہیں کہا جائے گا۔
اب درآمد شدہ جاپانی سوزوکی ویگن آر کا ذکر کرلیتے ہیں۔ جاپان سے منگوائی جانے والی استعمال شدہ سوزوکی ویگن کی چوتھی جنریشن کے 8 مختلف ورژنز پاکستان میں دستیاب ہیں:
• FX لمیٹڈ
• FT لمیٹڈ
• لمیٹڈ
• FX لمیٹڈ II
• FX-S لمیٹڈ
• اسٹنگرے لمیٹڈ
• FX آئیڈلنگ اسٹاپ
• FX
درآمد شدہ ویگن کی سب سے پہلی قابل ذکر بات اس میں استعمال ہونے والا معیار ساز و سامان ہے جو بلاشبہ پاکستان میں تیار ہونے والی گاڑیوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ بہتر ہے۔ دوسری خاص بات یہ ہے کہ مقامی تیار شدہ ویگن آر کے 3 ورژنز کے مقابلے میں درآمد شدہ ویگن آر کے 8 ورژنز موجود ہیں۔ تیسری منفرد بات یہ کہ درآمد شدہ ویگن آر میں آپ کو متعدد خصوصیات ملیں گی اور وہ بھی قدرے کم قیمت میں۔ درآمد شدہ ویگن آر کے 8 ورژنز میں معمولی انفرادیت رکھی گئی ہے جن میں الائے ویلز، اندرونی حصے کا رنگ، DVD عقبی کیمرہ، بغیر چابی گھمائے گاڑی اسٹارٹ کرنے کی سہولت، دھند میں نظر آنے والی خصوصی لائٹس، اموبلائزر وغیرہ شامل ہیں۔ ان میں سب سے منفرد FX آئیڈلنگ اسٹاپ ماڈل ہے جس میں eco mode بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ اسٹنگرے کو ویگن آر کا اسپورٹیئر ورژن کہا جاتا ہے۔
جاپان سے ویگن آر منگوانے کے لیے یہاں کلک کریں
انجن کی اگر بات کریں تو درآمد شدہ جاپانی ویگن آر 660cc انجن کے ساتھ آتی ہے جو 3-سلینڈ کا حامل ہے۔ اس کے ساتھ آٹومیٹک گیئرباکس منسلک کیا جاتا ہے۔ سوزوکی جاپان کے مطابق 660cc ویگن آر عام حالات میں فی لیٹر 21.5 کلومیٹر فراہم کرسکتی ہے تاہم گاڑی کے اکثر مالکان کا کہنا ہے کہ یہ شہر میں سفر کے دوران فی لیٹر 15 سے 16 کلومیٹر تک چلائی جاسکتی ہے۔
سوزوکی ویگن آر لمیٹڈ
سوزوکی ویگن آر FX
جاپان میں تیار ہونے والی سوزوکی ویگن کی چوتھی جنریشن اور پاکستان میں تیار ہونے والی ویگن آر قیمت کے اعتبار سے تقریباً مساوی ہی ہیں۔ استعمال شدہ گاڑیوں کی مارکیٹ میں درآمد شدہ ویگن آر 2008-2012 کم و بیش 10 لاکھ روپے میں دستیاب ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ تقریباً اسی قیمت میں آپ کو ویگن آر کا 2015 ماڈل بھی مل جائے گا۔ ان میں سب سے سستی ویگن آر تقریباً 8 لاکھ روپے میں جانی چاہیے۔
اگر آپ سوزوکی سے زیادہ خوش نہیں یا جاپانی کار ساز اداروں کے علاوہ کسی اور ادارے کو آزمانہ چاہیں تو چینی کارساز ادارے FAW کی V2 سے بہتر کوئی گاڑی دستیاب نہیں۔ نئی FAW V2 تقریباً 1,049,000 روپے میں دستیاب ہے جس میں 1300cc انجن شامل ہوتا ہے۔ FAW V2 اپنے مدمقابل سوزوکی ویگن آر سے صرف قیمت ہی نہیں بلکہ حجم میں بھی قدرے زیادہے۔ ویگن آر کی لمبائی 3600 ملی میٹر اور چوڑائی 1475 میٹر ہے جبکہ FAW V2 کی لمبائی 3760 ملی میٹر اور چوڑائی 1680 ملی میٹر ہے۔ انجن کے اعتبار سے بھی جاپانی ادارے سے چینی ادارہ زیادہ آگے ہے۔ V2 میں 1300cc چار-سلینڈر والا انجن لگایا گیا ہے جبکہ ویگن آر میں 1000cc تین-سلینڈر والا انجن شامل ہے۔ اس کے علاوہ V2 الائے ویلز، اے بی ایس، ایئر بیگز اور ریموٹ کنٹرول جیسی خصوصیات کے ساتھ پیش کی جاتی ہے۔