جاپان میں نئی سوزوی اگنِس متعارف؛ 12سے 15 لاکھ روپے میں دستیاب ہوگی

4 283

جاپانی کار ساز ادارے سوزوکی موٹر کارپوریشن نے مقامی مارکیٹ کے لیے نئی سوزوکی اگنِس متعارف کروادی ہے۔ سوزوکی نے نئی اگنِس کا خیال جنیوا موٹر شو اور پھر گزشتہ سال 44 ویں ٹوکیو موٹر شو 2015ء میں تصوراتی ماڈل پیش کیا تھا۔اس وقت خیال ظاہر کیا جارہا تھا کہ نئی سوزوکی اگنِس کو جنوبی ایشیا بشمول بھارت، برطانیہ اور یورپ کی مارکیٹ میں 2017 سے پیش کیا جائے گا تاہم صارفین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کے مدنظر سوزوکی نے اس پر انتہائی تیزی سے کام کیا اور اب یہ گاڑی آئندہ ماہ یعنی فروری کے وسط میں جاپان اور بھارت کی مارکیٹ کے لیے پیش کردی جائے گی۔

نئی سوزوکی اگنِس تین مختلف انداز ہائبرڈ MG، ہائبرڈ MX اور سب سے بہترین ہائبرڈ MZ میں دستیاب ہوگی۔ تمام ہی انداز میں 2 ویل یا 4 ویل ڈرائیو کا انتخاب موجود ہوگا۔اس میں CVT گیئر باکس سے منسلک مائیکرو -ہائبرڈ ٹیکنالوجی کا حامل 1200 سی سی K12C ڈیول جیٹ چار سلینڈر انجن استعمال کیا گیا ہے۔ اس سے قبل یہ انجن سوزوکی سولیو اور سوزوکی بنڈت میں بھی پیش کیا جاچکا ہے۔ یہ انجن 90 ہارس پاور اور 118 نیوٹن میٹر ٹارک فراہم کرے گاجبکہ انجن کے ساتھ لگایا جانے والا انٹیگریٹڈ اسٹارٹر جنریٹر (آئی ایس جی) 3 ہارس پاور 50 نیوٹن میٹر ٹارک اضافی فراہم کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سوزوکی اگنِس پاکستان جیسے ممالک کے لیے کیوں موزوں ہیں؟

اگلے پہیوں کی قوت سے چلنے والی سوزوکی اگنِس 28 کلومیٹر فی لیٹر چل سکتی ہے جبکہ 4 پہیوں کی قوت سے چلنے والی گاڑی 25.4 کلومیٹر فی لیٹر تک چلائی جاسکتی ہے۔ اس کی بنیادی وجہ ان دونوں طرز کی گاڑیوں کا مجموعی وزن ہے۔ اگلے پہیوں پر چلنے والی MZ ہائبرڈ کا وزن 880 کلوگرام جبکہ اسی انداز کی 4 ویل ڈرائیو اگنِس کا وزن 920 کلوگرام ہے۔

نئی کراس اوور کی قابل ذکر خصوصیات میں اگلی جانب خود کار ایل ای ڈی لائٹس، دھند میں نظر آنے والی خصوصی لائٹس اور 16 انچ کے پہیے،بغیر چابی اور بٹن سے گاڑی اسٹارٹ کرنے کی سہولت، بلوٹوتھ کے ذریعے ایپل کار پلے سے منسلک ہونے والا تفریحی نظام، آرامدہ نشستیں شامل ہیں۔

حفاظتی اعتبار سے بھی سوزوکی اگنِس میں بہت سی خصوصیات شامل کی گئی ہیں۔ان میں اگلی جانب 2 اور دائیں و بائیں جانب 1،1 ایئر بیگز، ABS کے ساتھ EBD، لین کی خلاف ورزی پر اطلاع، ESP کے علاوہ اونچائی پر گاڑی چلانے میں سہولت اور اضافی گرفت کی قابلیت بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ڈرائیور کی سہولت کے لیے اگنِس میں چاروں اطراف دیکھنے کے لیے کیمروں کی تنصیب کا بھی انتخاب موجود ہے۔ دو کیمرے دائیں اور بائیں موجود آئینوں (سائڈ مررز)، ایک آگے اور ایک پیچھے کی جانب لگایا جائے گا۔

نئی سوزوکی اگنِس کے تمام ورژنز کی قیمتیں

سوزوکی اگنِس ایم جی (2 ویل) – 13.82 لاکھ ین – تقریباً 12 لاکھ پاکستانی روپے
سوزوکی اگنِس ایم جی (4 ویل) – 15.19 لاکھ ین – تقریباً سوا 13 لاکھ پاکستانی روپے
سوزوکی اگنِس ایم ایکس (2 ویل) – 15.01 لاکھ ین – تقریباً 13 لاکھ پاکستانی روپے
سوزوکی اگنِس ایم ایکس (4 ویل) – 16.38 لاکھ ین – تقریباً ساڑھے 14 لاکھ پاکستانی روپے
سوزوکی اگنِس ایم زی (2 ویل) – 16.41 لاکھ ین – تقریباً سوا 14 لاکھ پاکستانی روپے
سوزوکی اگنِس اگنِس ایم زی (4 ویل) – 17.78 لاکھ ین – تقریباً ساڑھے 15 لاکھ پاکستانی روپے

جاپان کے بعد بھارت میں بھی اس گاڑی کو ماروتی اگنِس کے نام سے جلد پیش کیے جانے کی امید ہے۔ ماروتی سوزوکی کا کہنا ہے کہ وہ 3 فروری سے شروع ہونے والے آٹو ایکسپو 2016 کے دوران اگنِس کی نقاب کشائی کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کی پہلی SUV “مہندرَ KUV100” فروخت کے لیے پیش کردی گئی

ماروتی اگنِس کے حجم کی بات کریں تو اس کی لمبائی 12 فٹ، چوڑائی ساڑھے5 فٹ اور اونچائی سوا 5 فٹ ہے۔ماروتی بلینو کی طرح اسے ھی بھی کم وزن والی گاڑی شمار کیا جارہا ہے۔ جاپان کے برعکس بھارت میں اگنِس کو 1200 سی سی K -سیریز پیٹرول انجن کے ساتھ پیش کیے جانے کا امکان ہے جو اس سے قبل ماروتی سوِفٹ میں بھی استعمال کیا جاچکا ہے۔ اس کے علاوہ ماروتی سوزوکی بھارت میں بنائے گئے بوسٹر جیٹ ٹربو چارجڈ پیٹرول انجن کے ساتھ بھی اگنِس کو پیش کرسکتی ہے۔ سوزوکی کے 800 سی سی 2 سلینڈر ڈیزل انجن یا فیات سے لیے گئے 1300 سی سی ملٹی جیٹ انجن کے ساتھ بھی اس کراس اوور کو پیش کیا جاسکتا ہے۔ماروتی اگنِس کو سوزوکی کے SHVS (سوزوکی کے اسمارٹ ہائبرڈ وہیکل) کےساتھ پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

پاکستان میں سوزوکی کا معاون ادارہ پاک سوزوکی کی جانب سے رواں سال کلٹس کی جگہ سلیریو پیش کیے جانے کی توقع تھی تاہم سوزوکی کلٹس کے لمیٹڈ ایڈیشن کی آمد سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاک سوزوکی اپنے ہی کہے پر جلد عملدرآمد کرنے پر سنجیدہ نہیں ہے۔ ایسے میں پاک سوزوکی کو مشورہ دینا فضول ہے کہ پاکستان میں بہتر انجن، ایندھن کی بچت اور مناسب قیمت والی نئی اگنِس کی تیاری و فروخت پر غور کرے۔ لیکن اس گاڑی کو پاکستان میں دیکھنے کی خواہش رکھنے والے افراد کو مایوس ہونے کی بالکل ضرورت نہیں کیوں کہ صرف چند ماہ بعد اس گاڑی کو پاکستان درآمد کیا جاسکے گا۔ اگر آپ چاہیں تو بذات خود یا پاک ویلز کے ذریعے گاڑی درآمد کرسکتے ہیں۔ نئی اگنِس کی قیمت لگ بھگ 12 سے 15 لاکھ روپے کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ پاکستان میں استعمال شدہ سوزوکی اگنِس کم و بیش 10 لاکھ روپے میں دستیاب ہوگی۔

سوزوکی اگنِس کی تصویری جھلکیاں

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.