ٹویوٹا گاڑیوں کا ‘بیش قیمت برانڈ’ قرار؛ بی ایم ڈبلیو کا دوسرے نمبر!
مِلورڈ براؤن کی جاری کردہ 100 بہترین برانڈز میں عالمی شہرت یافتہ جاپانی کار ساز ادارے ٹویوٹا کو گاڑیوں کا سب سے بیش قیمت عالمی برانڈ قرار دیا گیا ہے۔ دنیا بھر کی بہترین برانڈز پر مشتمل اس درجہ بندی کو اب تک 11 بار پیش کیا جاچکا ہے جس میں سے 9 بار گاڑیوں کے زمرے میں ٹویوٹا کا نام سر فہرست رہا ہے۔
مختلف مارکیٹوں پر تحقیق کرنے والا برطانوی ادارہ مِلورڈ براؤن ہر سال دنیا بھر کے 100 بہترین برانڈز پر مشتمل ایک فہرست جاری کرتا ہے۔ اس میں بین الاقوامی اداروں کی مختلف برانڈز کو ان کی قدر اور دیگر عوامل کی بنیاد پر درجہ بندی کی جاتی ہے۔ یہ ادارہ تحقیق کے دوران کسی بھی برانڈ کی اہمیت جاننے کے لیے 20 لاکھ صارفین کی رائے حاصل کرتا ہے اور پھر انہیں بلومبرگ اور کینتار ورلڈپینل کی جمع کردہ معلومات کے ساتھ یکجا کر کے حتمی درجہ بندی ترتیب دی جاتی ہے۔
گاڑیوں کی بہترین برانڈز میں ٹویوٹا کے بعد دوسرا اور تیسرا نمبر بالترتیب بی ایم ڈبلیو اور مرسڈیز بینز کو حاصل ہے۔ بی ایم ڈبلیو کو i سیریز (مثلاً BMW i8) اور 7 سیریز گاڑیوں سے کافی مدد حاصل ہوئی۔ ان دونوں ہی سیریز کو نہ صرف خریداروں بلکہ ماہرین کی طرف سے بھی کافی سراہا جارہا ہے۔
اسی طرح مرسڈیز کو بھی نئی E-کلاس کی مقبولیت اور چین میں پُرتعیش گاڑیوں کی مانگ میں اضافے کے باعث فہرست میں تیسرا نمبر حاصل ہوا۔ یاد رہے کہ چین اس وقت گاڑیوں کی سب سے بڑی مارکیٹ تصور کیا جاتا ہے اور پُرتعیش گاڑیاں بنانے والے جرمن ادارے مرسڈیز –بینز کو چین میں کافی پسند کیا جارہا ہے۔ مِلورڈ براؤن کی تحقیق کے مطابق گاڑیوں کے شعبے میں مرسڈیز بینز گاڑیوں کی فہرست میں سب سے زیادہ تیزی سے ترقی کرنے والی برانڈ ہے۔
اس فہرست میں شامل دیگر جاپانی کار ساز اداروں میں ہونڈا (Honda) اور نسان (Nissan) شامل ہیں جبکہ فورڈ اس درجہ بندی میں شامل واحد امریکی ادارہ ہے۔ برقی گاڑیوں کی تیاری میں سرفہرست ٹیسلا 100 بہترین برانڈز کی فہرست میں جگہ بنانے میں ناکام ہوا تاہم اسے 10 بہترین گاڑیوں کی فہرست میں جگہ ملی ہے۔ ٹیسلا نے 10 بیش قیمت گاڑیوں کی فہرست میں ووکس ویگن کی جگہ حاصل کرلی ہے۔
گو کہ ٹویوٹا (Toyota) کو گاڑیوں کی سب سے بیش قیمت برانڈ ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے تاہم مجموعی طور پر تمام عالمی برانڈز کی فہرست دیکھی جائے تو جاپانی ادارے کو 28واں درجہ حاصل ہے۔ 10 بہترین عالمی برانڈز کی فہرست میں سرفہرست 10 برانڈز میں سے زیادہ تر کا تعلق انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے سے ہے جن میں گوگل، ایپل، مائیکروسافٹ اور فیس بک شامل ہیں۔ گاڑیوں کے 10 بہترین برانڈز کی فہرست میں شامل دیگر قابل ذکر نام آوڈی(Audi)، لینڈ رُووَر اور پورشے (Porsche) کا ہے جبکہ لیکسز اس فہرست میں شامل نہیں ہے۔