ڈالر کی قدر کم ہونے پر یونائیٹڈ براوو کی قیمتوں میں کمی
پچھلے چند ہفتوں کے دوران ڈالر کی قدر کم ہونے کے بعد یونائیٹڈ براوو کی قیمت میں کمی کر دی گئی ہے۔ یونائیٹڈ موٹرز کے نوٹیفکیشن کے مطابق 800cc ہیچ بیک کی نئی قیمت 11 لاکھ روپے ہے۔ اس سے پہلے یہ گاڑی 12 لاکھ روپے کی تھی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمت 29 اکتوبر 2020 سے لاگو ہوگی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ “شرحِ تبادلہ (ایکسچینج ریٹ) مثبت ہونے پر ہمیں خوشی ہے کہ ہم اس کا فائدہ اپنے قابلِ قدر صارفین کو منتقل کر پائے۔”
کمپنی کے مطابق نئی قیمت 29 اکتوبر 2020ء اور ان کے بعد ملنے والے نئے آرڈرز پر لاگو ہو گی۔ اس کے علاوہ کمپنی بیک آرڈر کسٹمرز کو بھی نئی قیمت پر گاڑیاں ڈلیور کرے گی۔
کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ:
- کمپنی 29 اکتوبر کو ڈیلرشپس پر موجود اسٹاک کو مندرجہ بالا موجودہ قیمت کے مطابق انوائس کرے گی
- یونائیٹڈ نئی قیمت میں گاڑی کی منزل کے مطابق فریٹ شامل کرے گی
- کمپنی نئی قیمت کے مطابق ایڈوانس ٹیکس شامل کرے گی
براوو کی قیمت میں اضافہ:
اس سے پہلے یونائیٹڈ موٹرز پرائیوٹ لمیٹڈ نے جولائی میں براوو کی قیمت میں 2,14,000 روپے کا اضافہ کیا تھا۔ کمپنی کے پریس ریلیز کے مطابق 800cc ہیچ بیک کی نئی قیمت 11,99,000 مقرر کی گئی تھی۔ اس سے پہلے قیمت 9,85,000روپے تھی۔
نوٹیفکیشن میں کمپنی کا کہنا تھا کہ خام مال، منفی شرحِ تبادلہ، اس کے منفی اثرات اور دیگر لاگتوں میں اضافے کی وجہ سے وہ یونائیٹڈ براوو کی قیمتوں میں تبدیلی پر مجبور ہوئی۔
نئی قیمت 20 جولائی 2020ء سے لاگو ہوئی تھی۔
بطور کار یونائیٹڈ براوو کی حیثیت:
اس ہیچ بیک کی لانچ کے بعد کمپنی کو گاڑی میں وائبریشن ہونے اور اسپیئر ٹائر کی عدم موجودگی جیسی کئی شکایات ملیں۔ ان شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے یونائیٹڈ موٹرز نے پچھلے سال اس 800cc کے فیچرز اور رنگوں کو اپڈیٹ کیا۔
نیا ماڈل 6 رنگوں میں موجود ہے جن میں مرون میٹالک، بیج میٹالک، رائل بلو، گرے میٹالک، سلوَر میٹالک اور سفید شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کمپنی نے نئے ڈور ہینڈلز، گاڑی کی رنگت کے سائیڈ ویو مررز اور نئے سیٹ فیبرکس بھی شامل کیے۔
کمپنی نے کئی مقامی وینڈرز کے ساتھ کام شروع کرکے کام میں بہتری کی۔ لوکل وینڈرز پارٹس سستے ریٹ پر مہیا کرتے ہیں اور اس میں وقت بھی زیادہ نہیں لگتا۔ یونائیٹڈ نے پورے مینوفیکچرنگ اور اسمبلنگ کے عمل کو لوکلائز کرکے بھی کافی پیسہ بچایا۔
آٹوموبائل انڈسٹری کے بارے میں مزید نیوز، ریویوز اور اپڈیٹس کے لیے پاک ویلز بلاگز پر آتے رہیں۔