دنیا کو حیران کردینے والی چینی گاڑیاں (دوسری قسط)

0 405

چینی اداروں کی کامیابی کے پیچھے اہم ترین عوامل میں سے ایک حکومتی پالیسیاں ہیں۔ دیگر شعبوں کی طرح گاڑیوں کے شعبے میں بھی چینی حکومت نے مقامی اداروں کو بھرپور تعاون فراہم کیا اور انہیں دنیا بھر میں پھلنے پھولنے کے لیے ہر ممکن راستہ فراہم کیا۔ اپنے پچھلے مضمون “دنیا کو حیران کردینے والی چینی گاڑیاں (پہلی قسط)” سے پیوستہ اس تحریر میں بھی ان گاڑیوں کی مثالیں پیش کروں گا جنہوں نے دنیا بھر کو اپنی جانب توجہ کیا۔

لیکن اس سے قبل میں حکومتی پالیسیوں سے متعلق کچھ بات قارئین کے سامنے رکھنا چاہوں گا۔ چین میں غیر ملکی کار ساز ادارے کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے چینی شراکت دار کو ٹیکنالوجی منتقل کرے اور پھر دونوں مل کر نئی برانڈ تیار اور فروخت کریں۔ مثال کے طور پر جاپانی کار ساز ادارہ ٹویوٹا اگر انڈس موٹرز کے ساتھ کرنا چاہتا ہے تو اسے پاکستان میں نئی برانڈ پیش کرنے کے لیے انڈس موٹرز کو ٹیکنالوجی فراہم کرنا ہوگی۔ یوں پاکستانی ادارہ اپنے نام سے بھی کرولا دسویں جنریشن متعارف کروا سکتا ہے۔ لیکن قابل افسوس امر ہے کہ دو دہائیوں سے جاپانی اداروں کے ساتھ کام کرنے کے باوجود آج بھی ہم صرف پرزے جوڑ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کیا FAW کی گاڑیاں سوزوکی کا مقابلہ کرسکتی ہیں؟

یہ ان کی مثالی پالیسیوں کو ثمر ہے کہ آج چین میں بیرون ملک شراکت داروں سے حاصل کی گئی ٹیکنالوجی سے نئی گاڑیاں بنائی جا رہی ہیں۔ اسی طریقے پر چل کر آج چین اپنی مصنوعات تیار کرنے کے قابل ہوا ہے اور انتہائی مختصر وقت میں چینی گاڑیاں نہ صرف مقامی مارکیٹ بلکہ دیگر ممالک میں بھی پیش کی جانے لگی ہیں۔

باؤجون 630

u_autohomecar__wKgHz1ZdBeeADtJqAAJ-gcLCwA0523

امریکی ادارے جنرل موٹرز (جی ایم) نے اپنے چینی شراکت دار SAIC موٹرز (شنگھائی آٹو موٹیو انڈسٹری کارپوریشن) کے ساتھ سال 2010 میں”باؤجون” برانڈ متعارف کروائی۔ باؤجون کا مطلب Treasured Horseیعنی قیمتی گھوڑا ہے۔اس برانڈ کو پیش کرنے کا مقصد پرتعیش گاڑیوں کے خریداروں کی خواہش پوری کرنا تھا۔ بی ایم ڈبلیو کی طرح باؤجون برانڈ میں بھی گاڑیوں کے نام نمبرز پر رکھے جاتے ہیں۔ باؤجون کی پہلی سیڈان 630 تھی۔

باؤجون 630 بیوک ایکسل پلیٹ فارم پر تیار کی گئی ہے۔ اس میں SAIC موٹرز کا تیار کردہ 1500 سی سی انجن لگایا گیا ہے۔ یہ گاڑی 5 اسپیڈ مینوئل اور 6 اسپیڈ آٹو ٹرانسمیشن کے ساتھ دستیاب ہے۔ اس کی قیمت 65800 یوآن (10.4 لاکھ روپے) سے شروع ہو کر 85800 یو آن (13.5 لاکھ روپے) تک جاتی ہے۔ باؤجون 630 کو ڈیزائن میں تخلیق ےکے بعد شیورلیٹ آپٹرا کے نام سے دنیا بھر بشمول شمالی افریقہ، مصر اور الجیریا میں برآمد کیا گیا۔ باؤجون 630 کو ہیچ بیک انداز میں بھی پیش کیا گیا جس کا نام باؤجون 610 ہے۔

رووی 350

u_201402211121084514188

رووی SAIC موٹرز کی ایک اور برانڈ ہے جس کےلیے برطانوی ادارے ایم جی روور سے ٹیکنالوجی لی گئی۔ SAIC چونکہ’روور’ برانڈ کا نام استعمال کرنے کے حقوق نہیں حاصل کرسکا، اس لیے انہوں نے ‘رووی’ کے نام سے اپنی گاڑی پیش کی۔

سال 2010 میں رووی 350 پہلی گاڑی تھی کہ جس میں گوگل کا موبائل آپریٹنگ سسٹم نصب کیا گیا تھا۔اس گاڑی کے لیے مخصوص گوگل اینڈرائیڈ کے ترمیم شدہ ورژن کا نام انکانیٹ تھا۔اس کے ذریعے گاڑی کے مسافر انٹرنیٹ کے ذریعے آن لائن چیٹنگ، سوشل نیٹ ورکنگ، نقشوں سے متعلق معلومات اور ٹریفک کی صورتحال کے علاوہ “واکی ٹاکی” کی سہولت سے دیگر انکانیٹ صارفین سے بات بھی کرسکتے ہیں۔ رووی 350 میں بھی SAIC کا تیار کردہ 1500 سی سی انجن لگایا گیا ہے جبکہ اس کا ٹربو اور ای وی انداز ابھی زیر تکمیل ہے۔ رووی 350 ٹاپ گیئر کے چینی ایڈیشن میں بھی شامل تھی۔ اسے MG350 کے نام سے برطانیہ بھی برآمد کیا گیا۔ رووی 350 کی قیمت 75700 یو آن (11.9 لاکھ روپے) سے شروع ہو کر 140700 یو آن (22.2 لاکھ روپے) تک جاتی ہے۔

کوروس 3

u_20141009181057949510411

یہ گاڑی چیری آٹو موبائل کمپنی اور کینون ہولڈنگز کی مشترکہ پیش کش ہے۔ معروڈ ڈیزائنر گرٹ ہیلبرانڈ کی ڈیزائن کردہ کروس 3 کو جنیوا آٹو شو 2013 میں پیش کیا گیا تھا۔ یہ پہلی چینی گاڑی ہے کہ جسے یورو NCAP میں 5 اسٹار کریش ٹیسٹ اسکور حاصل ہوا۔ صرف یہی نہیں سال 2013 میں ٹیسٹ کی گئیں 33 گاڑیوں میں سب سے بہترین کوروس کو قرار دیا گیا۔ ساتھ ہی اسے “مختصر فیملی کے لیے بہترین گاڑی” کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔

آٹو کار نے کوروس 3 سے متعلق کچھ یوں بیان کیا:

جنیوا موٹر شو میں کوروس کی پردہ کشائی نے ہنگامہ برپا کردیا۔ اسے ووکس ویگن جیٹا اور فورڈ فوکس کے مقابلے میں پیش کیا گیا لیکن اس کی خاص بات نئی اضافی خصوصیات تھیں۔ کوروس 3 ایک مضبوط گاڑی ہے جس میں دستیاب سہولیات کی فہرست بھی کافی دلچسپ ہے۔ یہ بلاشبہ اپنے سے بہترین گاڑیوں کے شانہ بشانہ چل سکتی ہے۔

کوروس 3 میں 1600 سی سی نیچرلی ایسپریٹڈ انجن لگایا گیا ہے جس کی رفتار 126 بریک ہارس پاور ہے۔ اس کے علاوہ ٹربو چارجڈ انجن کے حامل ورژن کی رفتار 156 بریک ہارس پاور ہے۔ دونوں ہی ورژن میں 6 اسپیڈ مینوئل ٹرانسمیشن پیش کی جاتی ہے البتہ 6 اسپیڈ ڈیول کلچ ٹرانسمیشن میں تبدیلی کا انتخاب بھی موجود ہے۔ کوروس 3 ہیچ بیک اور SUV انداز میں بھی دستیاب ہے۔ اس کی قیمت 108800 یوآن (17.2 لاکھ روپے) سے شروع ہو کر 179800 یوآن (28.4 لاکھ روپے) تک جاتی ہے۔

گریٹ وال وولکس C30

u_autohomecar__wKgHzlZPAwGAAjLoAAaT2HxQ-Sw900

چین میں گریٹ وال موٹرز کا نام SUV اور چھوٹی مسافر گاڑیاں بنانے والے معروف اداروں میں کیا جاتا ہے۔ ان کی C30 گاڑی مختصر سیڈان ہے جسے 1500 سی سی انجن اور 5 اسپیڈ مینوئل یا CVT ٹرانسمیشن کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔ اسے چین میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑیوں کی فہرست میں شامل ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ مئی 2010 میں متعارف کروائے جانے کے صرف 10 ماہ کے عرصے میں C30 تقریبا ایک لاکھ سے زائد فروخت کی گئیں۔

گریٹ وال وولکس C30 نے CNCAP کریش ٹیسٹ میں 5 اسٹار اسکور کیا جس کے بعد اسے دسمبر 2011 میں یورپی یونین میں شامل ممالک میں گاڑی پیش کرنے کا اجازت نامہ جاری ہوا۔ اسے چین میں سال 2010 کی بہترین مختصر مسافر گاڑی ہونے کا بھی اعزاز دیا گیا۔ C30 کو دنیا کے بے شمار ممالک بشمول ایران، روس، بلگاریہ، مصر، الجیریا، افریقہ، پیرو اور برازیل میں برآمد کیا جاتا ہے۔ اس کا ایک کارخانہ بلگاریہ میں بھی بنایا گیا ہے۔ C30 کی قیمت 54900 یو آن (8.6 لاکھ روپے) سے شروع ہوکر 79500 یو آن (12.5 لاکھ روپے) تک جاتی ہے۔

مزید تصاویر ذیل میں ملاحظہ کریں:

(مضمون کا اگلا حصہ کچھ دنوں بعد پیش کیا جائے گا)

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.