فیات کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے اظہار دلچسپی
جاپانی، یورپی اور روسی کار ساز اداروں کی جانب سے پاکستان میں گاڑیاں پیش کیے جانے میں اظہار دلچسپی کے بعد اب اطالیہ کی معروفی کمپنی فیات نے بھی پاکستان کو اپنی اگلی مارکیٹ کے طور پر دیکھنا شروع کردیا ہے۔
پاکستان کے لیے اطالوی سفیر اسٹیفانو پونیکوروو نے پاکستان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی اور فیات کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی سے متعلق بتایا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دیگر کاروباری اور تجارتی امور زیر بحث آئے۔ اطالیہ کے سفیر نے بتایا کہ فیات اپنی مارکیٹ کو وسعت دینا چاہتی ہے اور اس کے لیے پاکستان بہترین مقام ثابت ہوسکتا ہے جس کی بنیادی وجہ خطے میں اس کی اسٹریٹجک پوزیشن ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اپنی گاڑی خود منگوائیں، جاپان سے گاڑی درآمد کرنے کا مرحلہ وار طریقہ
اطالوی کاروباری شخصیات کا ایک وفد آئندہ سال 2016 میں پاکستان کا دورہ کرے گا جس میں وہ اپنے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔ ابھی یہ بات حتمی نہیں کہ آیا اس وفد میں فیات کے نمائندے بھی شامل ہوں گے یا نہیں۔ اس سے قبل 1990 کی دہائی میں فیات نے پاکستان میں کام کا آغاز کرنے کوشش کی تھی تاہم انہیں زیادہ حوصلہ افزا کامیابی حاصل نہ ہوسکی۔
یاد رہے کہ پاکستان کئی سالوں سے آٹو پالیسی کی تیاری میں مصروف ہے جس میں نئے کار ساز اداروں کو مراعات فراہم کیے جانے کا بھی امکان ہے۔ نئی آٹو پالیسی کی تیاری کے مقاصد میں سے ایک دنیا بھر کے کار ساز اداروں کو پاکستان میں گاڑیاں پیش کرنے کی طرف راغب کرنا ہے۔ تاہم جاپان کی جانب سے اپنے تین اداروں سوزوکی، ہونڈا اور ٹویوٹا کی پاکستان میں گاڑیوں کے شعبے میں اجارہ داری برقرار رکھنے کے لیے کوششیں بھی جاری ہیں۔