پاک ویلز آٹو سروے: گاڑیاں کے شعبے سے متعلق دلچسپ اور حیرت انگیز حقائق

0 190

گاڑیوں سے متعلق پاکستان کی سرفہرست ویب سائٹ پاک ویلز نے آٹو سروے 2015 کے نتائج جاری کردیے ہیں۔ پاک ویلز کی جانب سے کیے جانے والے سالانہ آٹوموبائل انڈسٹری سروے میں گاڑیوں کے شعبے اور صارفین کے رجحانات سے متعلق چند دلچسپ حقائق سامنے آئے ہیں جن سے عوام الناس کی پسندیدگی، رجحانات اور ترجیحات کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ اس سروے میں 11 ہزار سے زائد افراد شریک ہوئے جن میں مختلف عمر اور شعبے سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل ہیں۔

پاک ویلز آٹو سروے 2015 کے اعداد و شمار سے گاڑیوں کی خریداری کے رجحان سے متعلق علم ہوا ہے کہ 60 فیصد افراد استعمال شدہ گاڑیوں (Used Cars) جبکہ 40 فیصد نئی گاڑیاں (New Cars) خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ گو کہ گزشتہ 2 سالوں کے دوران بینک کی مدد سے گاڑیوں کے حصول کا رجحان تیزی سے فروغ پارہا ہے تاہم صرف 22 فیصد شرکا بینک کے ذریعے نئی گاڑی جبکہ صرف 5 فیصد افراد نے بذریعہ بینک استعمال شدہ گاڑی خریدنے کی سہولت سے استفادہ حاصل کیا ہے۔ ان اعداد و شمار سے پاکستان میں آٹو فائنانسنگ کے شعبے بالخصوص بینکاری اداروں کے روشن مستقبل کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

نئی ٹویوٹا کرولا آسان ماہانہ اقساط پر حاصل کرنے کے لیے یہاں کلک کریں

اس سروے سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ پاکستان میں 75 فیصد افراد بیمہ کرائے بغیر ہی گاڑی استعمال کر رہے ہیں جو موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ صرف 25 فیصد پاکستانیوں نے اپنی گاڑی کا بیمہ کروا رکھا ہے جن میں سے اکثر کو یہ سہولت گاڑی کے لیے بینک سے قرض لینے یا پھر اقساط پر گاڑی حاصل پر فراہم کی گئی ہے۔ تین چوتھائی گاڑیوں کا بیمہ نہ ہونے کی بڑی وجہ مالکان کی متعلقہ قانون سے لاعلمی کو قرار دیا جاسکتا ہے تاہم بڑی تعداد میں ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے والوں کی تعداد سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ دراصل لاپرواہی کا پیش خیمہ ہے۔ آٹو سروے 2015 کے نتائج سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ ملک بھر میں 24 فیصد افراد بغیر لائنس گاڑیاں چلا رہے ہیں جبکہ 41 فیصد ڈرائیوروں کی عمریں 21 برس سے بھی کم ہیں۔

پاک ویلز آٹو سروے سے حاصل ہونے والے نتائج کے مطابق پاکستان میں سب سے زیادہ پسند کی جانے والی 5 گاڑیاں یہ ہیں:

1) ٹویوٹا کرولا (Toyota Corolla)
2) ہونڈا سِٹی (Honda City)
3) ہونڈا سِوک (Honda Civic)
4) سوزوکی مہران (Suzuki Mehran)
5) سوزوکی کلٹس (Suzuki Cultus)

توقعات کے عین مطابق زیادہ تر افراد سوزوکی، ٹویوٹا اور ہونڈا کی تیار کردہ گاڑیاں ہی استعمال کر رہے ہیں۔ تاہم نئی آٹو پالیسی کی منظوری و نفاذ کے بعد نسان، ڈاٹسن، رینالٹ، ووکس ویگن جیسے عالمی شہرت یافتہ اداروں کی پاکستان آمد سے اس منظرنامہ میں واضح تبدیلی کے بھی امکانات ہیں۔

دنیا بھر میں گاڑیوں کے خریدار حفاظتی سہولیات، آرامدے سفر اور جدید خصوصیات کی حامل گاڑیاں لینا پسند کرتے ہیں تاہم پاکستان میں اب بھی لوگوں کی ترجیح ایندھن بچانے کی صلاحیت اور بعد از استعمال (re-sale) اچھی قیمت پر فروخت جیسی خصوصیات ہی کو فوقیت دی جارہی ہے۔ اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پاکستان میں گاڑیاں تیار کرنے والے ادارے ایئر بیگز جیسی بنیادی سہولت اپنی گاڑیوں میں شامل نہ کرنے کے باوجود کیوں کر کامیاب ہیں۔

گو کہ یوٹیوب، فیس بک اور دیگر ڈیجیٹل چینلز کی آمد نے لوگوں کو تفریح کے نت نئے اور بے شمار طریقے فراہم کردیئے ہیں تاہم اب بھی گاڑیاں چلانے والوں کی اکثریت (74 فیصد) اب بھی دوران سفر ریڈیو ہی سننے کو ترجیح دیتی ہے۔

پاک ویلز آٹو سروے کے مکمل نتائج دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں!

تازہ ترین آٹو سروے کے بارے میں بات کرتے ہوئے پاک ویلز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد رضا سعید نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی نصف تعداد ہم سے جڑی ہے اور جب بات ہو گاڑیوں کے شعبے کی تو پاک ویلز کو پاکستانی صارفین کی آواز بننے پر فخر ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاک ویلز کے سالانہ سروے سے پاکستان میں گاڑیوں کے شعبے کے مستقبل کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

پاک ویلز ڈاٹ کام 2003 سے پاکستان میں گاڑیوں، موٹرسائیکلوں، پرزہ جات کی آن لائن خرید و فروخت کی خدمات پیش کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ متعلقہ شعبے کی سرگرمیوں سے تعلق خبروں، غیر جانبدار تجزیوں اور معلوماتی مضامین فراہم کرنے میں بھی پاک ویلز پیش پیش ہے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.