وہیکل رجسٹریشن بک کو آٹومیٹڈ سمارٹ کارڈ سے تبدیل کرنے کا منصوبہ بہت زیادہ تاخیر کے بعد آخر کار حقیقت کا روپ دھارنے کے لیے تیار ہے۔ محکمہ ایکسائز نومبر 2017 تک سمارٹ کارڈ متعارف کروانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
ڈیپارٹمنٹ نے اپریل 2017 میں آٹو میٹڈ کارڈ بنانے کے لیے بولی جمع کروانے کا کہا تھا اور اب ان تمام درخواستوں کو تکنیکی بنیادوں پر جانچا جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ تمام جائزہ جولائی کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا اور بولی جیتنے والی پارٹی کے ساتھ جلد از جلد معاہدہ طے ہو گا۔
اس منصوبہ کی ابتدائی طور پر منظوری پنجاب کے وزیراعلی شہباز شریف نے تقریبا دو سال پہلے مارچ 2015 میں دی تھی اور یہ منصوبہ اب تک تکمیل کا منتظر ہے۔
سمارٹ کارڈ کے اجراء کے بعد صارفین کو فرسودہ وہیکل رجسٹریشن بک پاس رکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی جو کہ اکثر وقت گزرنے کے ساتھ پھٹ جاتی ہیں اور انہیں ہر وقت ساتھ رکھنا بھی بہت مشکل کام ہے۔
سمارٹ کارڈ این ایف سی چپ سے لیس ہو گا جس میں گاڑی کے چیسز نمبر، ٹوکن کی تاریخ وغیرہ جیسی اہم معلومات محفوظ ہوں گی۔ مزید یہ کہ اس میں گاڑی کے مالک کے متعلق بھی مکمل تفصیلات درج ہوں گی۔
مزید تفصیلات کے لیے پاک وہیلز کے ساتھ رہیں۔