ایلسوِن کی قیمت سیڈان اور ہیچ بیک دونوں کی سیلز کو ہلا کر رکھ دے گی
چنگان نے ایلسوِن کے تین ویرینٹس کی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے۔ چنگان کے آفیشل فیس بک پیج کے مطابق اس کی قیمتیں ہیں:
- 37L بَیس ماڈل 5-اسپیڈ مینوئل ٹرانسمیشن کے ساتھ 21,99,000 روپے
- 5L کمفرٹ 5-اسپیڈ مینوئل ٹرانسمیشن کے ساتھ 23,99,000 روپے
- 5L لیومیئر 5-اسپیڈ ڈوئل کلچ ٹرانسمیشن کے ساتھ 25,49,000 روپے
بلاشبہ یہ قیمتیں بہت ہی مقابلے کی ہیں بلکہ صارفین کی توقعات سے بھی کہیں کم ہیں۔ اس سے پہلے کہا جا رہا تھا کہ قیمتیں 23,00,000 روپے سے شروع ہوں گی؛ لیکن ایسا نہیں ہوا۔ یہ قیمتیں واقعی سیڈانز اور ہیچ بیکس دونوں کی مارکیٹوں کو ہلا کر رکھ دیں گی۔ یہ قیمتیں ٹویوٹا یارِس، ہونڈا سٹی کے ساتھ ساتھ کِیا پکانٹو، سوزوکی کلٹس اور سوزوکی سوئفٹ کی سیلز کو متاثر کریں گی۔ ایلسوِن خریداروں کی بڑی رینج کو ہدف بنا رہی ہے، جس سے خریداروں کی بڑی تعداد ہیچ بیکس سے سیڈان کی جانب منتقل ہوگی، اس کی قیمت، ڈِگی کی گنجائش اور فیچرز کی وجہ سے۔
یارِس اور سٹی کے ساتھ قیمت کا تقابل:
اگر ہم یارِس اور ایلسوِن کی قیمت کا تقابل کریں تو ہم دیکھيں گے کہ یارِس کے بَیس ویرینٹ کی قیمت 25 لاکھ روپے اور اس کے ٹاپ ویرینٹس کی قیمت 30 لاکھ روپے ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ایلسوِن کا مینوئل بَیس ویرینٹ یارِس سے 3 لاکھ روپے سستا ہے جبکہ ٹاپ آف دی لائن ویرینٹ میں تو قیمت کا فرق 4.50 لاکھ روپے ہے۔
اس کے علاوہ ہونڈا سٹی سے ایلسوِن کا تقابل کریں بھی تو صورت حال ایسی ہی ہے۔ سٹی کے بَیس ویرینٹ کی قیمت 24.5 لاکھ روپے ہے، جبکہ ٹاپ آف دی لائن ویرینٹ 28.5 لاکھ روپے کا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ایلسوِن کا بَیس ویرینٹ 2.5 لاکھ روپے اور ٹاپ ویرینٹ 3 لاکھ روپے سستا ہے۔
اس کیٹیگری کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ ایلسوِن کروز کنٹرول اور سن رُوف پیش کرتی ہے، جو پاکستان میں پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔ یہ دو فیچرز اس نئي سیڈان کو اپنی مقابل تمام گاڑیوں میں سب سے نمایاں کرتے ہیں۔
پکانٹو، کلٹس اور سوئفٹ کے ساتھ قیمت کا تقابل:
آئیے اس نئی سیڈان کا تقابل کِیا پکانٹو کے ساتھ کرتے ہیں۔ گو کہ پکانٹو کا مینوئل ویرینٹ 19 لاکھ روپے ہے لیکن ٹاپ آف دی لائن آٹو ویرینٹ 20.5 لاکھ روپے کا ہے۔ یوں ایلسوِن کا مینوئل ویرینٹ پکانٹو سے 1.5 لاکھ روپے مہنگا ہے، لیکن یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ چنگان کی گاڑی 1.3L انجن اور زیادہ گنجائش رکھتی ہے اور ڈِگی اور کئی دوسرے فیچرز کے ساتھ آتی ہے۔ اسی لیے پکانٹو آٹومیٹک کے خریدار بلاشبہ خریداری سے پہلے ایلسوِن کے بارے میں سوچیں گے، جو چینی آٹومیکر کے لیے ایک کامیابی ہے۔
اب ایلسوِن کی قیمت کا سوزوکی کلٹس سے تقابل کرتے ہیں، جو پاکستان کے ہیچ بیک سیگمنٹ میں بہت عرصے سے چھائی ہوئی ہے۔ کلٹس کے مینوئل ویرینٹ کی قیمت 17.8 لاکھ روپے سے شروع ہوتی ہے جبکہ آٹو ویرینٹ کی قیمت 21.3 لاکھ روپے ہے۔ یعنی ایلسوِن کا مینوئل ویرینٹ کلٹس AGS کے آٹو ویرینٹ سے صرف 60,000 روپے مہنگا ہے۔ تو سوزوکی کی ہیچ بیک کے لیے ایک سخت مقابلہ ہے۔
سوزوکی سوئفٹ کی طرف آئیں تو اس ہیچ بیک کی قیمت 20.3 لاکھ روپے سے شروع ہو رہی ہے، جبکہ آٹو ویرینٹ کی قیمت 22.1 لاکھ روپے ہے۔ یوں آٹو ویرینٹ ایلسوِن سے 11 ہزار روپے مہنگا ہے، جو کہ اس سیڈان کے لیے بڑی کامیابی ہے۔
ایلسوِن کی قیمت پر آخری بات:
ایلسوِن بلاشبہ اپنے تینوں ویرینٹس کی پیش کردہ قیمتوں کے ساتھ مارکیٹ کو ہلا کر رکھ دے گی۔ ان فیچرز اور خصوصیات کے ساتھ چنگان دوسری گاڑیوں کا سخت مقابلہ کرے گا، خاص طور پر بگ-3 کا۔ صارفین کے پاس اب بجٹ-سیڈان سیگمنٹ میں انتخاب کے لیے ایک اچھی گاڑی ہے۔ اب تمام تر انحصار گاڑی کی آفٹر-سروس اور پارٹس کی دستیابی پر ہے، اگر جنگان یہاں بھی کامیاب رہی تو پاکستان میں ایلسوِن کا مستقبل روشن ہے۔