چینی ادارے زوتیے کی گاڑیاں جو پاکستان میں پیش کی جاسکتی ہیں!

0 598

زوتیے ہولڈنگز گروپ چینی ادارہ ہے جس کا صدر دفتر ژجیانگ، چین میں واقع ہے۔ زوتیے نے پاکستان میں گاڑیوں کی تیاری اوربرآمد کرنے میں دلچسپی ظاہر کرچکا ہے اور اس کے لیے پاکستانی ادارے راجا گروپ آف انڈسٹریز کے ساتھ شراکت داری کا آغاز کرنے والا ہے۔ راجا گروپ آف انڈسٹریز وہی ادارہ ہے کہ جو پاکستان میں فیات (Fiat) گاڑیاں اور ویسپا موٹرسائیکلیں پیش کرچکا ہے۔ یہ خبر اب سے چھ ماہ قبل ستمبر 2014 میں سامنے آئی تھی۔ گاڑیوں کے شوقین افراد کے لیے یہ خبر سے زیادہ امید کی کرن تھی جس سے گاڑیوں کے شعبے میں مثبت تبدیلی کا امکان ہے۔ پاکستان میں راجاگروپ کے اشتراک سے چینی ادارہ زوتیے اپنی گاڑیوں کو مشرق وسطیٰ میں برآمد کرنے کا بھی منصوبہ رکھتا ہے۔ گوکہ اس معاملے پر مزید پیش رفت سے متعلق مزید معلومات موصول نہیں ہوئی تاہم زوتیے کے حوالے سے قارئین کو بتانا چاہتے ہیں تاکہ وہ اس ادارے کی آمد سے پہلے چند اہم اور بنیادی باتوں سے باخبر ہوں۔

Chinas-Zotye-Auto-plans-to-setup-base-in-Pakistan-for-export

زوتیے ہولڈنگز گروپ کا چین میں موجود کارخانہ 12 لاکھ مربع میٹر تک پھیلا ہوا ہے۔ اس میں 3 ہزار سے زائد افراد کام کرتے ہیں۔ اس ادارے کے مجموعی اثاثوں کی مالیت 30 لاکھ رینمنبی ہے۔ زوتیے کی زیادہ تر گاڑیاں دیگر اداروں کی برانڈز کا چربہ یعنی نقل ہوتی ہیں۔ یہ اپنی مشہور مِنی SUV کی وجہ سے مشہور ہے جو زوتیے کی مجموعی فروخت میں 83 فیصد حصہ دار ہے۔ گاڑیاں تیار کرنے کے علاوہ زوتیے گاڑیوں کے لیے برقی پرزے، انجن، ٹرانسمیشن وغیرہ بھی بناتا ہے۔ چین میں زوتیے کی چند قابل ذکر گاڑیاں درج ذیل ہیں۔

زوتیے E200 ای وی

یہ ایک برقی گاڑی ہے جس کے پاکستان آمد کا امکان بہت ہی کم ہے۔ اس کی بنیادی وجہ ہمارے یہاں کا انفراسٹرکچر ہے جو EV گاڑیوں کے لیے موزوں نہیں ہے۔ بہرحال، زوتیے کی E200 ای وی بہت جلد چین میں پیش کی جانے والے ہیں۔ یہ چھوٹی سی دو دروازوں والی گاڑی ہے جس کی برقی موٹر 82 ہارس پاور اور 170 نیوٹن میٹر ٹارک فراہم کرسکتی ہے۔ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 150 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ ایک بار 8 گھنٹے تک 220 واٹ موٹر چارج کرنے کے بعد 220 کلومیٹر تک سفر کیا جاسکتا ہے۔ چین میں اسے آئندہ ماہ اپریل میں پیش کیا جائے گا۔ اس کی قیمت 70 ہزار یوآن ہے جو تقریباً 11 لاکھ پاکستانی روپے کے مساوی ہے۔ زوتیے اس سے پہلے بھی مِنی EV پیش کرچکا ہےلیکن E200 ان میں سب سے متاثر کن ہے۔

Zotye E200_1

زوتیے X5

اس کا شمار زوتیے کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑیوں میں کیا جاتا ہے۔ یہ ایک ماہ میں 12 ہزار سے زائد کی تعداد میں فروخت ہوئی۔ گوکہ X5 کا نام بی ایم ڈبلیو کی SUV سے مماثلت رکھتا ہے لیکن زوتیے X5 ظاہری طور ووکس ویگن ٹیگوان سے میل کھاتی ہے۔اس کی قیمت 79 ہزار 8 سو یوآن سے شروع ہوتی ہے جو 12.6 لاکھ پاکستانی روپے کے مساوی ہیں۔ اس میں 1500 سی سی ٹربو انجن موجود ہے جو 150 ہارس پاور فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس انجن کو 5-اسپیڈ مینوئل یا CVT گیئرباکس کے ساتھ منسلک کیا جاسکتا ہے۔ زوتیے نے ایک نئی برانڈ ‘دامائی’ متعارف کروانے کا منصوبہ بنایا ہے اور چونکہ X5 کا نام دیگر زوتیے گاڑیوں سے بالکل مختلف ہے، اس لیے X5 کو دامائی برانڈ کی فہرست میں شامل کردیا جائے گا۔

Zotye X5_1

زوتیے T600

یہ بھی زوتیے کی مشہور ترین گاڑیوں میں سے ایک ہے جو ایک ماہ میں 13 ہزار سے زائد تعداد میں فروخت ہوتی رہی ہے۔ زوتیے T600 ووکس ویگن توارگ اور آڈی Q5 کا امتزاج ہے۔ اسے دو مختلف انجن کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔ ایک تو وہی 1500 سی سی انجن ہے جو زوتیے X5 میں شامل ہے جبکہ دوسرا پہلے سے زیادہ بہتر 2000 سی سی ٹربوچارجڈ 4-سلینڈر پیٹرول انجن ہے جو 177 ہارس پاور فراہم کرسکتا ہے۔ اسے 5-اسپیڈ مینوئل یا 6-اسپیڈ ڈیول کلچ ٹرانسمیشن کے ساتھ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ 1500 سی سی انجن کی حامل زوتیے T600 کی قیمت 79 ہزار 8 سو یوآن سے شروع ہوتی ہے جو پاکستانی روپے میں 12.6 لاکھ بنتے ہیں۔ جبکہ 2 ہزار سی سی انجن کی حامل زوتیے T600 کی قیمت 1 لاکھ 23 ہزار 8 سو یوآن ہے جو ساڑھے 19 ہزار پاکستانی روپے کے مساوی ہیں۔

Zotye T600_1

زوتیے Z100

یہ چین میں دستیاب سستی ترین گاڑی ہے۔ اس میں 1 ہزار سی سی 4-سلینڈر انجن شامل ہے جو 56 ہارس پاور فراہم کرتا ہے۔ یہ انجن 5-اسپیڈ مینوئل یا 4-اسپیڈ آٹومیٹک ٹرانسمیشن کے ساتھ منسلک ہے۔ اس کی قیمت 30 ہزار یوآن (4.7 لاکھ روپے) سے 35 ہزار یوآن (5.4 لاکھ روپے) تک ہے۔ کہا جاتا ہے کہ Z100 ساتویں جنریشن سوزوکی آلٹو (Suzuki Alto) کی طرز پر بنائی گئی ہے۔ یاد رہے کہ زوتیے نے دوسری جنریشن آلٹو کے حقوق حاصل کیے تھے۔ تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ آیا ساتویں جنریشن آلٹو کا پلیٹ فارم بھی زوتیے کو حاصل ہوا یا نہیں۔ اس گاڑی کا ایک برقی ورژن بھی دستیاب ہے جسے Z100-EV کا نام دیا گیا ہے۔

Zotye Z100_1

زوتیے Z300

یہ دراصل ٹویوٹا آلیان کی چینی شکل ہے۔ Z300 میں مٹسوبشی کا تیار کردہ 1500 سی سی انجن لگایا گیا ہے جو 120 ہارس پاورکا حامل ہے۔ اسے 5-اسپیڈ مینوئل یا 4-اسپیڈ آٹو میٹک ٹرانسمیشن کے ساتھ منسلک کیا جاتا ہے۔اس کے علاوہ زوتیے Z300 میں 1600 سی سی ٹربو انجن بھی دستیاب ہے جو 150 ہارس پاور فراہم کرسکتا ہے۔ اس کی قیمت 60 ہزار یوآن سے شروع ہوتی ہے جو 9.4 لاکھ پاکستانی روپے کے مساوی ہیں۔اسے برقی موٹر کے ساتھ بھی پیش کیا جاتا ہے جسے Z300-EV کا نام دیا گیا ہے۔

Zotye Z300_4

زوتیے Z500

اسے زوتیے کی خوبصورت ترین گاڑیوں میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔ دلچسپ بات ہے یہ ہے کہ روایت کے برخلاف زوتیے Z500 کسی گاڑی کی نقل نہیں ہے بلکہ اس کامکمل ڈیزائن زوتیے ہی نے ڈیزائن کیا ہے۔ اس میں 1500 سی سی ٹربو انجن شامل ہے جو 150 ہارس پاور فراہم کرسکتا ہے۔ اسے 5-اسپیڈ مینوئل یا CVT گیئرباکس کے ساتھ منسلک کیا جاتا ہے۔ گاڑی کی مقبولیت دیکھتے ہوئے زوتیے Z500 کو 1800 سی سی نیچرلی ایسپریٹڈ انجن اور 1800 سی سی ٹربو چارجڈ انجن کے ساتھ پیش کرنے کے لیے بھی کام کر رہا ہے۔ اس کی قیمت 76 ہزار 8 سو یوآن سے شروع ہوتی ہے جو تقریباً 12.14 لاکھ روپے کے مساوی رقم بنتی ہے۔

Zotye Z500_1

زوتیے Z700

یہ زوتیے گاڑیوں کی فہرست میں فلیگ شپ کی حیثیت رکھتی ہے۔ زوتیے نے اس کی تیاری میں آڈی A6 سے تحریک حاصل کی ہے۔ اسے نقل کہنا تو شاید ٹھیک نہیں ہوگا کیوں کہ لمبائی اور چوڑائی میں آڈی سے تھوڑی زیادہ ہے۔ البتہ اندرونی حصہ مکمل طور پر آڈی A6 ہی سے نقل کیا گیا ہے۔ اس کی قیمت99ہزار 8 سو یوآن (15.7 لاکھ روپے) سے 1 لاکھ 58 ہزار 8 سو یوآن (25.1 لاکھ روپے) تک ہے۔ یاد رہے کہ چین میں آڈی A6 کی قیمت 3لاکھ 83 ہزار یوآن (60.5 لاکھ روپے) سے شروع ہو کر 7 لاکھ 42 ہزار 6 سو یوآن (117.4 لاکھ روپے) تک جاتی ہے۔

Zotye Z700_1

یہ حقیقت ہے کہ زوتیے کو پاکستان میں خود کو منوانے کے لیے کافی وقت درکار ہوگا۔ ان کے پاس نقل و اصل گاڑیوں کا دلچسپ امتزاج موجود ہے جس کی مثال Z100 ہیچ بیک اور Z300 سیڈان سے لی جاسکتی ہے۔ بہرحال، یہ تو وقت ہی بتائے گا کہ پاکستان میں گاڑیوں کے شوقین افراد کن گاڑیوں کو پسند کرتے ہیں۔ چین میں زوتیے کی وجہ مشہوری چھوٹی SUV رہی ہیں۔ ان SUV نے ماضی میں ڈائی ہاٹسو ٹوریوس کو میدان بدر کردیا تھا اور فروخت بھی قابل ذکر رہی تھی۔ اس کے علاوہ زوتیے کی گاڑیاں چین سے باہر بھی کافی مناسب پیش رفت کر رہی ہیں۔

بیرون ملک سے اپنی پسندیدہ گاڑی منگوانے کے لیے یہاں کلک کریں

پاکستان میں چینی کار ساز ادارہ FAW ایک عرصے سے کام کر رہا ہے۔ انہیں پاکستانی خریداروں کو متوجہ کرنے کے لیے سخت جدوجہد سے گزرنا پڑا ہے۔ انہوں نے مجاز ڈیلرز نیٹ ورک کے تحت گاڑیاں فروخت کرنے کے ساتھ بعد از فروخت سروسز کے معاملے میں بھی صارفین کو بہترین خدمات فراہم کی ہیں۔

گو کہ راجا گروپ کا ماضی زیادہ شاندار نہیں رہا تاہم زوتیے کے ساتھ مل کر پاکستان میں معیاری گاڑیوں اور قابل خرید گاڑیوں کے ذریعے اپنا نام بنا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں بعد از فروخت سروسز کی فراہمی بھی یقینی بنانا ہوگی۔ یاماہا نے یہاں کام شروع کرنے میں پانچ سال کا طویل عرصہ لگایا اب دیکھنا ہے کہ زوتیے کتنا وقت لیتا ہے۔

ذیل میں چینی زوتیے گاڑیوں کی تصاویر ملاحظہ کریں

نیچے زوتیے گاڑیوں کی ویڈیوز بھی دیکھ سکتے ہیں

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.