7 نشستوں والی 5 بہترین گاڑیاں

0 239

اگر آپ اکثر و بیشتر اپنے خاندان یا دوستوں کے ہمراہ لمبے سفر پر جاتے ہیں تو پھر ایم پی ویز یعنی ملٹی پرپز وہیکلز آپ ہی کے لیے بنائی گئی ہیں۔ ان میں نہ صرف اضافی افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوتی ہے بلکہ بہت سا سامان بھی رکھا جاسکتا ہے۔ علاوہ ازیں یہ پرتعیش اور مہنگی گاڑیوں کے برعکس انتہائی مناسب قیمت پر دستیاب ہوتی ہیں۔ تو آئیے، آپ کو پاکستان میں دستیاب 7 نشستوں والی ایم پی ویز بتاتے ہیں جنہیں آپ 25 لاکھ روپے میں باآسانی خرید سکتے ہیں۔

1۔ ٹویوٹا پرایئس ایلفا

اسے ٹویوٹا پرایئس V یعنی ورسٹائل بھی کہا جاتا ہے۔ یہ ایم پی وی دراصل مشہور زمانہ ہائبرڈ کار ٹویوٹا پرایئس ہی کی طرز پر بنائی گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کے بہت سے حصے اور سہولیات عام پرایئس سے ملتی جلتی ہیں۔ اس میں بہترین ٹیکنالوجی اور حفاظتی سہولیات شامل کی گئی ہیں جن میں سے چند یہ ہیں:

  • بٹن سے گاڑی اسٹارٹ کرنے کی سہولت
  • بغیر چابی انجن اسٹارٹ کرنے کی سہولت
  • موسمی تبدیلی کو محسوس کرنے والے سینسرز
  • دھول مٹی کو ہٹانے والا فلٹر
  • ٹویوٹا سیفٹی سینسنگ

ٹویوٹا پرائیس ایلفا میں سامان رکھنے کی بھی بہت گنجائش ہے۔ اس کی لمبائی (ماڈل کے اعتبار سے) 4645 ملی میٹر یا 4630 ملی میٹر ہے جبکہ چوڑائی 1775 ملی میٹر اور فرش 2780 ملی میٹر تک پھیلا ہوا ہے۔ مسافروں کے بیٹھنے کی جگہ بھی کافی کشادہ ہے اور 7 افراد باآسانی سفر کرسکتے ہیں۔ ایندھن کی بات کرے بغیر تو پرایئس کا ذکر ہی ادھورا ہے۔ ٹویوٹا کا دعوی ہے کہ یہ گاڑی ایک لیٹر ایندھن میں 26.2 کلومیٹر تک سفر کرسکتی ہے۔ یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ یہ عام پرایئس جتنی ہی کفایتی ثابت ہوسکتی ہے۔ پاکستان میں درآمد شدہ پرایئس ایلفا کی قیمت 20 سے 25 لاکھ روپے ہے۔ پرایئس کے روایتی ماڈل کے برعکس انڈس موٹرز نے پرایئس ایلفا کو فروخت نہیں کرتی۔

2۔ ہونڈا BR-V

ہونڈا ایٹلس کی پیش کردہ اس ایم پی وی نے SUV طرز کے انداز کی وجہ سے خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ ہونڈا BR-V میں شامل خصوصیات بھی قابل دید ہیں۔ ذاتی طور پر اس گاڑی کو دیکھ کر ہی کہا جاسکتا ہے کہ یہ خوبصورت ایم پی ویز میں سے ایک ہے جسے خریدنے کے بعد آپ کو اپنے پیسے پورے پورے وصول کرنے کا احساس ہوگا۔ اس کی نمایاں خصوصیات یہ ہیں:

  • ڈی آر ایل ایس
  • ڈیجیٹل کلائمٹ کنٹرول
  • 7 انچ انفوٹینمنٹ سسٹم
  • اے بی ایس

ہونڈا BR-V کا بہترین ماڈل 23 لاکھ 29 ہزار روپے میں دستیاب ہے۔ اس کا ظاہری انداز ہونڈا وِزل سے بہت زیادہ ملتا جلتا ہے البتہ اس کا فرش زیادہ پھیلا ہوا اور لمبائی 158 ملی میٹر زیادہ ہے جبکہ چوڑائی چند ملی میٹر کم ہے۔ پاکستان میں باضابطہ پیش کش کے دوران ہونڈا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شنکی اویاما نے کہا کہ “پاکستان میں ہونڈا BR-V متعارف کروانے کا مقصد زیادہ افراد والے خاندان اور مختلف شاہراہوں پر سفر کرنے والوں کو خریدار بنانا ہے۔” پاکستان میں اس ایم پی وی کو خریدنے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ ہونڈا ایٹلس اسے پاکستان ہی میں تیار کر رہی ہے جس کی وجہ سے گاڑی کی مرمت بآسانی اور سستے داموں کروائی جاسکتی ہے۔ تاہم چونکہ یہ مقامی تیار شدہ گاڑی ہے اس لیے دیگر اعلی معیار والی درآمد شدہ گاڑیوں سے اس کا مقابلہ ممکن نہیں۔

3۔ ہونڈا شٹل

پاکستان میں ہونڈا شٹل کا نام زیادہ جانا مانا نہیں ہے۔ ماضی کے برعکس ہونڈا شٹل اب 7 نشستوں کے ساتھ پیش کی جارہی ہے جس کے بعد اس کا شمار بہترین فیملی کارز میں کیا جانے لگا ہے۔ اس کا ظاہری انداز بہت دلکش ہے جسے مختلف ابھار مزید پرکشش بناتے ہیں۔ اندرونی حصہ ہونڈا فِٹ سے بہت زیادہ میل کھاتا ہے۔ گوکہ پاکستان میں ہونڈا شٹل بہت کم ہی نظر آتی ہے لیکن اس کا یہ مقصد نہیں کہ اس میں جدید سہولیات موجود نہیں۔ بہترین ماڈل کی ہونڈا شٹل میں یہ خصوصیات موجود ہیں:

  • خودکار بریکنگ
  • بلائنڈ اسپاٹ مانیٹرنگ
  • لین سے ہٹنے پر خبردار
  • کروز کنٹرول
  • امموبلائزر

صرف یہی نہیں بلکہ ہونڈا شٹل اسی 1500cc ہائبرڈ انجن کے ساتھ پیش کی جاتی ہے جو ہونڈا وزل میں شامل ہے۔ اس کے علاوہ ڈیول کلچ ٹرانسمیشن کی بدولت یہ جفت اور طاق گیئرز کے لیے علیحدہ علیحدہ کلچز کی سہولت بھی رکھتی ہے۔ اپنے جائزے کے دوران ہم نے اس گاڑی کو بہت طاقتور اور کم ایندھن استعمال کرنے والی گاڑی پایا ہے۔ ہونڈا کے مطابق یہ گاڑی ایک لیٹر میں 32 کلومیٹر تک سفر کرسکتی ہے لیکن یہ بات حقیقت سے قریب معلوم نہیں ہوتی۔ پیمائش کے اعتبار سے ہونڈا شٹل اولذکر ٹویوٹا پرایئس سے چھوٹی ہے۔ اس کی لمبائی 4400 ملی میٹر، چوڑائی 1695 ملی میٹر جبکہ فرش 2540 ملی میٹر ہے۔ تمام سہولیات سے مزین ہونڈا شٹل کی قیمت 18 سے 25 لاکھ روپے کے لگ بھگ ہے۔

4۔ ٹویوٹا سیئنتا G

یہ مارکیٹ میں دستیاب سب سے زیادہ غیر مقبول ایم پی وی ہے۔ بظاہر یہ کچھ عجیب سی لگتی ہے لیکن آپ یہ جان کر ضرورت حیران ہوں گے کہ اسے ٹویوٹا وٹز کی طرز پر بنایا گیا ہے۔ اس کی لمبائی 4235 ملی میٹر، چوڑائی 1695 ملی میٹر جبکہ  اس کا فرش 2750 ملی میٹر ہے۔ دیگر درآمد شدہ گاڑیوں کی طرح یہ بھی متعدد خصوصیات بالخصوص حفاظتی سہولیات سے لیس ہے۔ سلائڈنگ دروازے بھی اسے دیگر گاڑیوں سے منفرد بناتے ہیں۔ اس میں ہائبرڈ ٹیکنالوجی کے علاوہ ٹویوٹا ایکوا کا 1500cc انجن بھی شامل کیا گیا ہے۔ گاڑیاں بنانے والے ادارے کا کہنا ہے کہ یہ ایک لیٹر میں 27.2 کلومیٹر تک سفر کرسکتی ہے۔ یاد رہے کہ اس گاڑی کو 5، 6 اور 7 نشستوں والے ماڈل میں پیش کیا جاتا ہے۔ ان ماڈلز میں بنیادی فرق سامان رکھنے کی گنجائش کا ہے جو کہ 5 نشستوں والی گاڑی میں سب سے زیادہ اور 7 نشستوں والی گاڑی میں سب سے کم دستیاب ہے۔ سیئنتا جاپان سے درآمد کی جاتی ہے اور اس کے مختلف ماڈل 22 سے 25 لاکھ روپے کی قیمت میں مل جاتے ہیں۔

5۔ ہونڈا فریڈ

ٹویوٹا سیئنتا کی طرح ہونڈا کی یہ ایم پی وی بھی سلائیڈنگ دروازوں اور 5، 6 اور 7 نشستوں والے ماڈل میں دستیاب ہے۔ ویگن کی طرز پر تیار کیے جانے کے باعث اس کی اونچائی کافی زیادہ ہے۔ اس میں وہی 1500cc انجن شامل ہے جو ہونڈا فٹ میں ہیش کیا جارہا ہے۔ ہونڈ کا ماننا ہے کہ یہ گاڑی 27.2 کلومیٹر فی لیٹر سفر کرسکتی ہے۔ اس کی لمبائی 4215 ملی میٹر، چوڑائی 1695 ملی میٹر اور فرش 2740 ملی میٹر طویل ہے۔ جاپان میں تیار کی جانے والی یہ گاڑی بھی تمام تر بنیادی سہولیات سے پُر ہے۔ اس میں ہونڈا سِوک کی طرز پر ڈیجیٹل اسپیڈومیٹر بھی دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بٹن سے گاڑی اسٹارٹ کرنے کی سہولت اور چابی کے بغیر گاڑی کھولنے کی خاصیت بھی موجود ہے۔ اس گاڑی میں تصادم سے بچنے کی صلاحیت بھی شامل کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ درج ذیل چیزیں بھی قابل ذکر ہیں:

  • خودکار بریکنگ
  • بلائنڈ اسپاٹ مانیٹرنگ
  • لین کی خلاف ورزی پر خبردار
  • کروز کنٹرول

پاکستان میں ہونڈا فریڈ کی مقبولیت میں آہستہ آہستہ اضافہ ہورہا ہے۔ فی الوقت یہ گاڑی 19 لاکھ سے لے کر 23 لاکھ روپے تک میں دستیاب ہے۔

کیا آپ کے خیال میں کوئی اور گاڑی میں اس بجٹ میں دستیاب ہے؟ اگر ہاں تو ہمیں بذریعہ تبصرہ ضرور مطلع کریں۔

Google App Store App Store

Leave A Reply

Your email address will not be published.