2025 تک گاڑیوں کی فروخت میں 200 فیصد اضافے کا امکان

0 56

ٹویوٹا انڈس موٹرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر علی اصغر جمالی نے کہا ہے کہ سال 2025 تک پاکستان میں تیار شدہ گاڑیوں کی فروخت ساڑھے تین لاکھ سالانہ تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے پاکستان کی اقتصادی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر مستقبل میں بہتری کا تسلسل جاری رہا اور نئے کار ساز ادارے بھی گاڑیوں کے شعبے میں قدم رکھنے میں کامیاب ہوگئے تو یہ تعداد پانچ لاکھ سالانہ تک بھی پہنچ سکتی ہے۔ علی اصغر جمالی گزشتہ روز ٹویوٹا فورچیونر اور ہائی لکس ریوو کی تعارفی تقریب میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کر رہے تھے۔

علی اصغر جمالی نے بتایا کہ پاکستان میں سالانہ ڈھائی لاکھ سے زائد گاڑیاں تیار کی جارہی ہیں جبکہ اقساط پر گاڑیوں کی فراہمی اور شرح سود میں کمی کو دیکھتے ہوئے آئندہ 10 سالوں میں اس تعداد میں دو گنا اضافے کی امید رکھی جاسکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس خطے کی تیزی سے ابھرتی ہوئی معاشی طاقتوں میں سے ایک ہے اور اس سے گاڑیوں کے شعبے پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

آٹو پالیسی 2016-21 پر تبصرہ کرتے ہوئے علی اصغر جمالی نے کہا کہ مجموعی طور پر آٹو پالیسی بہت سازگار معلوم ہوتی ہے تاہم اگر نئے سرمایہ کاروں کی طرح موجودہ کار ساز اداروں کو بھی ٹیکس کی مد میں رعایت فراہم کی جاتی تو اس کے ثمرات جلد نظر آنا شروع ہوجاتے۔ تھائی لینڈ اور پاکستان کے درمیان ممکنہ آزادانہ تجارتی معاہدے اور اس کے مقامی صنعتوں پر منفی اثرات سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں کہا کہ مقامی صنعتوں کا تحفظ مدنظر رکھتے ہوئے بات چیت کو حتمی شکل دی جانی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں نئی ٹویوٹا فورچیونر اور ہائی لکس ریوُو پیش کردی گئی

jamali

انڈس موٹرز کے آئندہ سربراہ نے کہا کہ ہم مقامی صنعتوں کو ترجیح دینے پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہنرمند افراد اور موافق کاروباری حالات سمیت ہر سہولت دستیاب ہے لہذا کوشش ہونی چاہیے کہ ہر چیز پاکستان ہی میں تیار کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی سطح پر گاڑیوں کی تیاری سے نہ صرف غیر ملکی زر مبادلہ کی بچت ممکن ہوئی ہے بلکہ خریداروں کو بہتر قیمت پر گاڑیاں فراہم کی جارہی ہیں۔

پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2015-16 کے دوران ملک میں 1,50,063 عام مسافر گاڑیوں (سیڈان اور ہیچ بیک) فروخت ہوئیں جبکہ گزشتہ مالی سال یہ تعداد صرف 1,27,552 رہی تھی۔ یوں مالی سال 2015-16 کے دوران سیڈان اور ہیچ بیک کی فروخت میں 17.6 فیصد اضافہ ہوا۔ یاد رہے کہ مالی سال 2015-16 میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑیوں میں ٹویوٹا کرولا سر فہرست تھی۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت: مالی سال 2015-16 کا جائزہ

Google App Store App Store

Leave A Reply

Your email address will not be published.