کریم کی جانب سے لاہور اور کراچی میں “تیز رکشہ” متعارف

0 213

ٹیکسی سروس کو ایک نئی جہت پیش کرنے والے ادارے کریم نے اب پاکستان میں موبائل کے ذریعے رکشہ بُک کروانے کی سہولت بھی متعارف کروا دی ہے۔ “تیز رکشہ” کے نام سے شروع کی جانے والی یہ سروس فی الحال لاہور اور کراچی کے منتخب صارفین کو تعارفی طور پر دستیاب ہے تاہم آئندہ چند دنوں میں تمام صارفین اس سے مستفید ہوسکیں گے۔ کریم کی جانب سے تیز رکشہ سروس کو دیگر شہروں میں بھی جلد پیش کرنے کی نوید سنائی گئی ہے۔

معروف انگریزی ویب سائٹ پروپاکستانی کے مطابق کریم تیز رکشہ کی بیس پرائس (base price) صرف 60 روپے رکھی گئی ہے جبکہ کم از کم کرایہ 75 روپے ہوگا۔ یاد رہے کہ اب سے چند ماہ قبل کریم کے روایتی حریف اوبر نے بھی آٹو کے نام سے رکشہ سروس کا آغاز کیا تھا۔ اوبر آٹو کی بیس پرائس صرف 35 روپے جبکہ کم از کم کرایہ 50 روپے مقرر ہے جبکہ سفری اخراجات 3 روپے فی کلومیٹر اور 1 روپے فی منٹ ہیں۔

کریم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جنید اقبال نے تیز رکشہ کی پیشکش سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان میں رکشہ سروس کو ٹیکنالوجی کے ذریعے منظم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس سے رکشہ چلانے والے ڈرائیور صاحبان اور ہمارے صارفین دونوں ہی کا فائدہ ممکن ہوسکے۔ کریم نے کہا ہے کہ وہ اپنے صارفین کو بہترین اور معیاری سفری سہولیات پیش کرنے پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا۔ اس مقصد کو یقینی بنانے کے لیے کریم کی جانب سے ہر رکشہ کی تکنیکی جانچ اور ڈرائیور سے متعلق مکمل معلومات حاصل کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: کریم ٹیکسی سروس: پاکستان کے مزید 5 شہروں میں آیا چاہتی ہے

کریم پاکستان نے سال 2015 میں لاہور سے کاروبار کا آغاز کیا اور صرف ایک سال کے مختصر عرصے میں یہ کئی شہروں میں پھیل چکا ہے۔ کریم کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کو سواری کے حصول میں آسانی فراہم کرنا ہے۔ ملک میں کریم کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور 6 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ صارفین کی تعداد سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کریم پاکستان اپنے مقصد میں کس حد تک کامیابیاں سمیٹ چکا ہے۔

Google App Store App Store

Leave A Reply

Your email address will not be published.