پہلی تھل جیپ ریلی صاحبزادہ سلطان احمد نے جیت لی

0 636

ضلع مظفر گڑھ اور لیہ کے صحرا میں ہونے والی پہلی تھل جیپ ریلی صاحبزادہ سلطان احمد نے جیت لی۔ 3 نومبر سے 5 نومبر تک جاری رہنے والی اس جیپ ریلی کا انعقاد پنجاب میں سیاحت کے فروغ میں سرگرم عمل ادارے TDCP اور ڈیفنس ہاؤنسنگ اتھارٹی (DHA) کے تعاون سے کیا گیا تھا۔ تین کیٹگریز پر مشتمل مقابلوں میں مجموعی طور 66 ریسرز نے حصہ لیا۔

کیٹگری A میں صاحبزادہ سلطان احمد نے 191 کلومیٹر کا فاصلہ صرف 26 منٹ اور 11 سیکنڈ میں طے کر کے تھل جیپ ریلی کے اولین فاتح ہونے کی تاریخ رقم کردی۔ ان کے مدمقابل اسد کھوڑو دوسرے اور سید آصف امام تیسرے نمبر پر رہے جبکہ کئی معروف ریسرز بشمول رونی پٹیل، جام کمال اور نادر مگسی گاڑیاں خراب ہو جانے کے باعث ریس سے دستبردار ہو گئے۔ یاد رہے کہ صاحبزادہ سلطان احمد فی الوقت چولستان جیپ ریلی 2016 کے فاتح ہونے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔

مزید پڑھیں: چولستان جیپ ریلی 2016: صاحبزادہ سلطان کی جیت؛ نادر مگسی ٹائٹل کا دفاع نہ کرسکے

تھیل جیپ ریلی 2016 کی کیٹگری B میں زین محمود نے مقررہ فاصلہ 2 گھنٹے، 31 منٹ اور 30 سیکنڈ میں طے کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ جبکہ نعمان اور محمد جعفر بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر آئے۔ ریلی کی کیٹگری C میں محمد رفیق احمد نے 2 گھنٹے 50 منٹ اور 51 سیکنڈ میں مقررہ فاصلہ طے کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ برھان احمد کنڈی اور گوہر سانگی بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہے۔

5 نومبر کو تھل جیپ ریلی کے اختتام پر فاتح ڈرائیورز میں ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔ انعامی تقریب ڈسٹرکٹ آفس میں منعقد کی گئی۔ جیپ ریلی کے موقع پر تھل میلے کا انعقاد بھی کیا گیا جہاں گھڑ سواروں اور نیزہ بازوں نے شاندار کرتب دکھائے اور ملٹری بینڈ نے بھی شاندار دھنوں کے ذریعے جیپ ریلی کو چار چاند لگا دیئے۔

Google App Store App Store

Leave A Reply

Your email address will not be published.