فا سائرس S80 گرینڈ پر ایک نظر!
گاڑیاں بنانے والے چینی ادارے فا (FAW) کی پیش کردہ ‘سائرس’ اگلے پہیوں کی قوت سے چلنے والی چھوٹی ایم پی وی ہے۔ فا سائرس کی پہلی جنریشن میں دو ماڈل S80 اور S80 گرینڈ 1.5 شام ہیں۔ سات نشستوں والی اس گاڑی کو شہری ملٹی-پرپز وہیکل یعنی MPV کہا جاتا ہے۔ اسے پہلی مرتبہ 2013ء میں متعارف کروایا گیا تھا۔ اسے بہترین انداز کی حامل آرامدہ سفر فراہم کرنے والی گاڑی کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔ الحاج فا موٹرز نے سائرس S80 گرینڈ کو جولائی 2014ء میں متعارف کروایا اور سائرس کی فروخت دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ یہ گاڑی صارفین کو متوجہ کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ اس کی پہلی ہی کھیپ ادارے کی توقعات سے جلد فروخت ہوگئی اور خریداروں کی جانب سے 100 فیصد مثبت ردعمل بھی حاصل ہوا۔ جاپانی اداروں کی اجارہ داری والی مارکیٹ میں کسی چینی گاڑی کی اس قدر کامیابی واقعی قابل تحسین ہے۔
ظاہری انداز
فا سائرس S80 کا ظاہری انداز منفرد نوعیت کا ہے۔ آگے کی جانب ہلکی سے خمدار گرل کے دونوں طرف اوپر کی جانب اٹھی ہوئی ہیڈلائٹس موجود ہیں۔ پچھلی جانب سے یہ ہیچ بیک جیسی لگتی ہے خاص کر اس کی اسٹاپ لائٹس کو دروازے کے ہینڈل تو بالکل ایک روایتی چھوٹی گاڑی جیسے ہی ہیں۔ اس کی لمبائی 4148 ملی میٹر، چوڑائی 1680 ملی میٹر جبکہ زمین سے فرش کا فاصلہ یعنی گراؤنڈ کلیئرنس 200 ملی میٹر ہے۔ اس میں SUV کا بمپر شامل ہے۔ اس کی اگلی اور پچھلی دونوں جانب دھند میں نظر آنے والی تیز روشنیاں بھی موجود ہیں۔ اس کے علاوہ پچھلے دروازے میں وائپر، بریک لیمپس کے ساتھ اسپائلر، چھت پر ریلنگ، دروازوں کے رنگ سے مشابہ ہینڈل، سبز رنگ کے شیشے، اینٹینا اور الائے رمز بھی اس کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں۔
اندرونی حصہ
فا سائرس کا اندرونی حصہ بھورے پلاسٹک سے تیار کردہ ہے۔ اس کی چنیدہ سہولیات میں اسٹیریو اسپیکر سسٹم، اسٹیئرنگ ویل پر چمڑے کا غلاف، برقی سائیڈ مررز، دو ایئر بیگز، ایئرکنڈیشننگ، پاور اسٹیئرنگ، AM/FM ریڈیو، پاور ونڈوز اور ٹیکومیٹر شامل ہیں۔ اس کے بہتر اور مہنگے ماڈل یعنی گرینڈ 1.5 میں ڈی وی ڈی پلیئر کے علاوہ عقبی کیمرہ، بہتر کپڑے کی نشستیں، پچھلے دروازے پر وائر اور ڈیول ائیرکنڈیشننگ بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ہیٹر، کب ہولڈر، سن وائزر، چمکدار ہینڈل، روشنیاں ہلکی اور تیز کرنے کا سوئچ، ایش ٹرے، اگلے دروازے میں سامان رکھنے کی جگہ، دوسری اور تیسری قطار میں نشستوں کو تہہ کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ ایم پی وی ہونے کی حیثیت سے دیکھا جائے تو فا سائرس کا اندرونی حصہ مجموعی طور پر اچھی خاصی گنجائش کا حامل ہے۔
انجن: 1500cc ڈی او ایچ سی 16 والو 4-ان لائن
گئیر: 5-اسپیڈ مینوئل گیئر
رنگ: سبز زیتون، نارنجی، نقرئی، سفید
رفتار: 5 ہزار آر پی ایم پر 101 بریک ہارس پاور
حفاظتی سہولیات:
- اے بی ایس
- برقی انجن اینٹی-تھیفٹ
- چائلڈ-پروف ریئر ڈور لاکس
- اگلی جانب 3-سیٹ بیلٹس
- پچھلی جانب 3-سیٹ بیلٹس
- اگلی نشستوں کے لیے دو ایئر بیگز
قیمت: 18,85,000 روپے
فا سائرس پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں 3S (سیلز، سروس، اسپیر پارٹس) کا وسیع نیٹ ورک رکھتی ہے۔ فا سائرس S80 کارکردگی اور جدید ٹیکنالوجی کا بہترین امتزاج ہے جسے مناسب قیمت پر حاصل کیا جاسکتا ہے۔ پاکستانی منڈی کے لیے مسابقتی قیمت کے ساتھ فا سائرس دیگر حریف گاڑیوں بشمول سوزوکی اور ٹویوٹا کی مصنوعات کو زبردست ٹکر دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔