پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں اضافہ

0 123

وفاقی حکومت نے دسمبر 2016 کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق پیٹرول پر 2 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر 2.70 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر پیٹرولیم مصنوعات بشمول مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتیں تبدیل نہیں کی گئیں۔ یہ اعلان گزشتہ روز دارالحکومت اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے بتایا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹر اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے تمام ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کی گئی تھی تاہم وزیر اعظم نواز شریف سے مشاورت کے بعد صرف پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی اضافے جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں رد و بدل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت نے اس کا تمام تر بوجھ عوام پر منتقل کرنے کے بجائے 4 ارب روپے کا خسارہ خود برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بہتر اور معیاری پیٹرول سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے امید ظاہر کی کہ 87 -رآن (ریسرچ آکٹین نمبر) کی جگہ 92-رآن کا معیاری پیٹرول جلد ملک بھر میں دستیاب ہوجائے گا۔

(دسمبر 2016) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں

پیٹرولیم مصنوعات فی لیٹر قیمت فی لیٹر GST
پیٹرول 66.27 روپے 8.40 روپے
ہائی اسپیڈ ڈیزل 75.22 روپے 17.80 روپے
مٹی کا تیل 43.25 روپے 0.85 روپے
لائٹ ٹیزل 43.34 روپے 1.60 روپے

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں قابل ذکر اضافہ اپریل 2016 میں کیا گیا تھا۔ ملک میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی پیٹرولیم مصنوعات میں پیٹرول اور ڈیزل سرفہرست ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق ملک بھر میں پیٹرول کی ماہانہ فروخت 4 لاکھ ٹن جبکہ ڈیزل کی ماہانہ فروخت 6 لاکھ ٹن ہے۔

Google App Store App Store

Leave A Reply

Your email address will not be published.