ٹویوٹا انڈس موٹر کمپنی پاکستان میں نئی کرولا متعارف کروانے کی تیاری کر رہا ہے جس کی تصدیق ان حالیہ تصویروں سے ہوسکتی ہے جو ہمیں ٹویوٹا فیکٹری کے زرائع سے ملی ہیں۔ اس کے فیس لفٹ کے متعلق ابھی بہت قلیل معلومات موجود ہیں۔ تاہم نیچے دی گئی تصاویر سے ہمیں پتہ چلتا ہے کہ اس نئی گاڑی میں بالکل نیا فرنٹ بمپر، فرنٹ گرل، ٹیل لائٹس، ہیڈ لائٹس، کلائیمیٹ کنٹرول، اور انفوٹینمینٹ سسٹم شامل ہیں۔ ایک قابل غور بات یہ ہے کہ یہ فیس لفٹ روس، ساؤتھ افریقہ اور انڈیا میں پہلے ہی متعارف کروایا جاچکا ہے۔
جیسا کہ اوپر بتایا گیا کہ ابھی یہ بتانا مشکل ہے کہ اسے کب لانچ کیا جائے گا لیکن پاکستانی صارفین کو مقامی آٹو موبائل انڈسٹری کی ترقی کے حوالے سے اطمینان ضرور ہوگا۔
ٹویوٹا انڈس موٹر نے پاکستان میں اپنے سفر کا آغاز ٹویوٹا کرولا سے کیا۔ اس نے سب سے پہلے 7 جنریشن ٹویوٹا کرولا ایکس ای کاربوریٹر 1993 میں متعارف کروائی جس کے بعد 9، 10، اور 11 جنریشن کی گاڑیاں پاکستان میں 2002، 2008 اور 2014 میں متعارف کروائی گئیں۔ کرولا نے خود کو کمپنی کے لیے سب سے زیادہ فائدہ مند لائن اپ ثابت کیا۔ حال ہی میں انڈس موٹر کمپنی نے 9 مہینے (جولائی 2016 – مارچ 2017 ) کے قلیل وقت میں اپنی سیل 40694 یونٹ کر لی ہے۔