چین میں بی ایم ڈبلیو 1-سیریز کی پہلی سیڈان متعارف

0 109

چین میں جاری گوانگژو موٹر شو 2016 کے دوران بی ایم ڈبلیو کی نئی 1-سیریز سیڈان متعارف کروادی گئی ہے۔ اس سیڈان کو جرمنی ہی میں ڈیزائن کیا گیا ہے تاہم اس کی تیاری کے لیے چینی انجینئرز کی خصوصی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ فی الحال 1-سیریز سیڈان صرف چین ہی میں فروخت کے لیے پیش کی جائے گی اور اسے دیگر ممالک درآمد کیے جانے سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ بی ایم ڈبلیو کی نئی سیڈان چینی مارکیٹ میں آوڈی A3 لیموزین، سٹریون DS5 اور وولو S40 کو ٹکر دے گی۔ اگر اسے دیگر ممالک میں پیش کیا جاتا ہے تو پھر 1-سیریز سیڈان کو مرسڈیز CLA سے بھی مقابلہ کرنا ہوگا۔

اس نئی سیڈان کے ظاہری انداز پر نظر ڈالیں تو یہ اگلی جانب سے 1-سیریز ہیچ بیک جبکہ عقب سے 3-سیریز سے مشابہ معلوم ہوتی ہے۔ بی ایم ڈبلیو کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سیڈان کے آگے بھی کڈنی اور گول ہیڈ لائٹس جبکہ پچھلی جانب L طرز کی اسٹاپ لائٹس شامل کی گئی ہیں۔ سیڈان کے اگلے حصے میں طویل بونٹ اور بی ایم ڈبلیو M ماڈلز کی طرز پر تین ایئرٹیکس بھی بہت نمایاں ہیں۔ اسے دس مختلف رنگوں میں پیش کیا گیا ہے جن میں سب سے منفرد نیلا اور سنہری رنگ ہے۔ ان دونوں ہی رنگوں کو 1-سیریز سیڈان کی بہترین ماڈل کے لیے مخصوص رکھا گیا ہے۔

بی ایم ڈبلیو 1-سیریز کو 1500cc اور 2000cc ٹربو انجن کے ساتھ پیش کیاگیا ہے جس کے ساتھ 6- یا 8-اسپیڈ اسٹیپ ٹرانک گیئر باکس کا انتخاب شامل ہے۔ بیس ماڈل میں شامل 3-سلینڈر 1500cc انجن 136 ہارس پاور جبکہ لگژری ماڈل میں شامل 4-سلینڈر 2000cc انجن 192 ہارس پاور فراہم کرنے کی سکت رکھتا ہے۔ 1-سیریز سیڈان کے تیسرے ‘اسپورٹ’ ماڈل میں شامل 2000cc کی کارکردگی مزید بہتر بنائے گئی ہے یوں یہ انجن 231 ہارس پاور تک بھی فراہم کرسکتا ہے۔ 1-سریز میں تین ڈرائیونگ موڈز کمفرٹ، اسپورٹ اور ایکو پرو بھی دیئے گئے ہیں جن کی مدد سے یہ سیڈان ایک لیٹر میں 18.18 کلومیٹر تک سفر کرسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بی ایم ڈبلیو X1 بمقابلہ آوڈی Q3 – دو جرمن گاڑیاں کا ٹاکرا

چونکہ بی ایم ڈبلیو 1-سیریز کو UKL پلیٹ فارم پر تیار کیا گیا ہے یہی وجہ ہے کہ اس کے اندر جھانکنے پر بی ایم ڈبلیو 2-سیریز ایکٹو ٹوؤرر اور گراں ٹوؤرر کے علاوہ X1 سے بہت زیادہ مماثلت نظر آئے گی۔ ان گاڑیوں کے یکساں پلیٹ فارم کی وجہ سے تکنیکی خصوصیات بھی ملتی جلتی ہیں جن میں برقی پارکنگ بریک اور پچھلی نشستوں کو تہہ کر کے ڈگی میں گنجائش بڑھانے کی سہولت بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ 1-سیریز میں 8.8 انچ کی LED، رنگین ڈسپلے، بغیر چابی دروازے کھولنے یعنی ریموٹ کی سہولت بھی قابل ذکر خصوصیات میں سے ہیں۔ حفاظتی سہولیات کی بات کریں تو لین کی خلاف ورزی اور راہگیروں یا کسی اور چیز سے تصادم کے خطرے پر خبردار کرنے کا نظام بھی نمایاں ہیں۔

بی ایم ڈبلیو 1-سیریز سیڈان کی لمبائی 4456 ملی میٹر، چوڑائی 1803 ملی میٹر اور اونچائی 1446 ملی میٹر ہے جبکہ اس کا ویل بیس 2670 ملی میٹر ہے۔ اگر اس کا موازنہ ممکنہ حریف آوڈی A3 سیڈان سے کیا جائے تو 1-سیریز بلاشبہ برتر نظر آئے گی۔ 1-سیریز سیڈان کے سائز کو بہتر انداز میں سمجھانے کے لیے ہم پاکستانی سیڈان سے اس کا موازنہ پیش کر رہے ہیں:

گاڑی کا نام / پیمائش (ملی میٹر) لمبائی چوڑائی اونچائی ویل بیس
ہونڈا سٹی 4395 1695 1480 2550
آوڈی A3 4456 1796 1416 2636
بی ایم ڈبلیو 1-سیریز 4456 1803 1446 2670
ٹویوٹا کرولا 4620 1775 1475 2700
ہونڈا سوک 4630 1800 1433 2700

گاڑیاں بنانے والے جرمن ادارے بی ایم ڈبلیو نے سال 2004 میں 1-سیریز متعارف کروائی تھی اور اب تک اس کی دو جنریشن پیش کی جاچکی ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ جب بی ایم ڈبلیو کی 1-سیریز میں سیڈان طرز کی گاڑی پیش کی گئی ہے۔ اس سے قبل پہلی جنریشن میں ہیچ بیک (دو اور چار دروازوں والی)، کوپے اور کنورٹ ایبل شامل تھیں جبکہ دوسری جنریشن صرف پانچ اور تین دروازوں والی ہیچ بیک پر مشتمل تھی۔ چار دروازوں والی اس سیڈان کو پہلی مرتبہ اگلے پہیوں کی قوت سے چلنے (front-wheel-drive) کی صلاحیت کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

بی ایم ڈبلیو 1-سیریز سیڈان آئندہ سال کی پہلی ششماہی میں فروخت کے لیے پیش کردی جائے گی۔ گو کہ گاڑی تیار کرنے والی کمپنی نے اس کی قیمت سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا تاہم مبصرین توقع کر رہے ہیں کہ بی ایم ڈبلیو 1-سیریز سیڈان کی قیمت 1,80,000 سے 2,60,000 یوآن (لگ بھگ 27 سے 39 لاکھ پاکستانی روپے) تک رکھی جاسکتی ہے۔ بی ایم ڈبلیو کی جانب سے پاکستان میں کم قیمت گاڑیاں متعارف کروانے کا اعلان کیے جانے کے بعد ہم امید کرسکتے ہیں اس چھوٹی سیڈان کو بھی جلد پاکستان میں پیش کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: بی ایم ڈبلیو پاکستان میں کم قیمت گاڑیاں متعارف کروائے گا

Google App Store App Store

Leave A Reply

Your email address will not be published.