کراچی میں 6 اہم شاہراہوں کی تعمیر نو کا فیصلہ

0 373

حکومت سندھ نے صوبائی دارالحکومت کراچی کی چھ اہم شاہراہوں پر تعمیر نو اور مرمت کا کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ منصوبہ کراچی میگا انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ منصوبے کا حصہ ہے جس کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔ ایک اندازے کے مطابق ان شاہراہوں پر تعمیری کام کی مد میں 4 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ یہ پہلا موقع ہے کراچی کی شاہراہوں پر تعمیر و مرمت کے علاوہ انہیں وسعت دینے کے لیے بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

انگریزی روزنامے ڈیلی ٹائمز سے بات کرتے ہوئے سندھ حکومت کے پروجیکٹ ڈائریکٹر جناب نیاز سومرو نے بتایا کہ اس منصوبے کا باضابطہ آغاز بروز ہفتہ، 10 دسمبر 2016 کو سندھ کے وزیراعلی مراد علی شاہ کریں گے۔ نیاز سومرو نے مزید بتایا کہ کراچی کی شاہراہوں کو وسعت دینے کے لیے کور کمانڈر کراچی، ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈز اور جنرل ہیڈکوارٹر سے مشاورت جاری ہے۔

نیاز سومرو نے کہا کہ شاہراہ فیصل کو 40 سے 50 فٹ تک وسعت دینے اور ناتھا خان گوٹھ پُل کو بھی سگنل فری کیے جانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ اس کے لیے شاہ فیصل پولیس اسٹیشن سے COD لینڈ کی طرف ایک U-ٹرن بنایا جائے گا یوں ڈرگ روڈ سے شاہ فیصل کالونی جانے والا ٹریفک ناتھا خان پُل کے نیچے سے باآسانی گزر سکے گا۔ اس U-ٹرن کی تعمیر پر 11 کروڑ روپے لاگت آئی گی جبکہ COD باؤنڈری وال کی تعمیر پر لگ بھگ ڈیڑھ گروڑ روپے خرچ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بے ہنگم ٹریفک کے باعث سالانہ 400 ارب روپے کا ایندھن ضائع ہوتا ہے

منصوبے کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر تعمیری کام تین حصوں میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلے حصے پر 77 کروڑ روپے، NED یونیورسٹی سے سفورا چوک تک دوسرے حصے پر 78 کروڑ روپے جبکہ موسمیات سے شروع ہونے والے تیسرے ٹکڑے پر 20 کروڑ روپے لاگت آئیں گے۔ اس کے علاوہ شہید ملت سے شاہراہ قائدین تک طارق روڈ کی مرمت پر 55 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ حب ریور روڈ کو مکمل کرنے پر 50 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے جو کہ بجٹ 2016-17 میں مختص کیے گئے تھے۔

مزید برآں سرجانی ٹاؤن سے مدینۃ الحکمۃ اور منگوپیر روڈ کی تعمیر و بحالی پر 75 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ شاہراہ فیصل پر ریجنٹ پلازہ کے قریب انڈر پاس بھی بنایا جائے گا جس پر ساڑھے 52 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ شاہراہ فیصل پر قائم بلوچ کالونی پُل اور شاہ فیصل کالونی فلائی اوور کی تعمیر پر بالترتیب 12 کروڑ روپے اور ساڑھے 50 روپے لاگت آئے گی۔

Google App Store App Store

Leave A Reply

Your email address will not be published.