دلچسپ واقعہ: کار چور نے معذرت اور پیسوں کے ساتھ گاڑی واپس پہنچا دی

0 154

گاڑی چوری ہوجانے کا ‘دھچکا’ وہی لوگ محسوس کرسکتے ہیں کہ جو کبھی اس صورتحال کا شکار ہوئے ہوں۔ خدا نہ کرے آپ کے ساتھ کبھی ایسا ہو لیکن گاڑی کو اپنی جگہ نہ پا کر ایسا لگتا ہے کہ جیسے پیروں تلے زمین نکل گئی ہو۔ لیکن کیسا ہو کہ اگر چوری ہونے والی گاڑی اگلے روز خود ہی آپ کو واپس مل جائے؟ یقیناً آپ حیران ہی ہوں گے۔ اور اگر کار چور نے گاڑی واپس کرنے کے ساتھ پیسے لوٹائے ہوں اور معذرت بھی کی ہوتو آپ کو کیسا لگے گا؟ اس سے پہلے کہ آپ میری باتوں کو دیوانہ پن سمجھیں، یہ جان لیجیے کہ ایسا حقیقت میں ہوچکا ہے۔

اب سے چند روز قبل ریاستہائے متحدہ امریکا کے شہر پورٹ لینڈ میں ایک خاتون کی گاڑی غائب ہوگئی۔ ایرن ہٹزی نامی خاتون کی یہ گاڑی سوبارو امپریزا (Subaru Impreza) ویگن تھی جسے ایک خاتون منگل کی رات گھر کے باہر سے لے گئیں۔ اگلی صبح جب ایرن نے گاڑی کو اپنی جگہ پر نہ پایا تو انہوں نے پولیس کو اطلاع کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی فیس بک پر بھی اس بارے میں لکھ ڈالا اور ساتھ ہی سیکورٹی کیمرے سے حاصل کردہ تصاویر بھی شامل کردیں جس میں ایک فرد کو ان کی گاڑی میں بیٹھتے اور پھر گاڑی چلا کر لے جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خبردار رہیں کیوں کہ کار چور گروہ نئے حربے کے ساتھ میدان میں آگیا ہے

car-stolen-camera

لیکن دلچسپ اور حیرت انگیز بات اس وقت ہوئی کہ جب اگلے ہی روز ایرن کو اپنی گاڑی گھر کے باہر کھڑی ملی۔ اول تو انہیں یقین ہی نہ آیا کہ یہ ان کی اپنی چوری شدہ گاڑی ہی ہے لیکن اچھی طرح تسلی کرلینے کے بعد جب انہوں نے گاڑی کے اندر جھانکا تو وہاں چند نوٹ اور کاغذ پر ہاتھ سے لکھا گیا ایک خط پایا۔ یہ خط دراصل معذرت نامہ تھا جسے دو دن پہلے گاڑی لے جانے والی خاتون کی دوست نے لکھا تھا۔ خط کی عبارت کچھ یوں تھی:

میں گاڑی چوری کرنے پر بہت معذرت خواہ ہوں۔ دراصل ہوا یہ کہ میں نے ایک دوست کو اپنی سرخ رنگ کی سبارو لانے کے لیے چابی تھمائی لیکن وہ غلط فہمی کا شکار ہو کر آپ کی گاڑی لے گئی۔ گزشتہ رات میں نے بھی یہ بات محسوس نہ کی تاہم صبح ہوتے ہی مجھے احساس ہوا کہ یہ میری گاڑی نہیں ہے۔ اس خط کے ساتھ میں 30 ڈالر بھی رکھ رہی ہوں جو میرے استعمال کے دوران گاڑی میں خرچ ہونے والے ایندھن کے پیسے ہیں۔ اگر آپ مجھ سے رابطہ کرنا چاہیں تو پتہ اور فون نمبر بھی یہاں درج ہے۔ آخر میں بار پھر میں اپنی غلطی پر بہت زیادہ معذرت چاہتی ہوں جس سے آپ کو رنج پہنچا۔

یہ بھی پڑھیں: چاندی کا ورق، مائیکرویو اور ریفریجریٹر گاڑی چوری ہونے سے بچا سکتے ہیں

car-stolen-letter

لیکن کیا واقعی ایک سوبارو گاڑی کی چابی دوسری گاڑی میں لگائی جاسکتی ہے؟ یہی سوال ایرن ہٹزی کے ذہن میں آیا۔ اس حوالے سے جب انہوں نے تحقیق کی تو مقامی پولیس نے اس بات کی تصدیق بھی کردی کہ جی ہاں! ایسا ممکن ہے۔ اگر گاڑی میں الارم سسٹم نہ ہو اور چابی بھی ٹرانسپونڈر کے بغیر ہو تو اس بات کا امکان موجود ہے کہ ایک ہی چابی سے دو یا زائد گاڑیاں نہ صرف کھولی بلکہ اسٹارٹ بھی کی جاسکتی ہیں۔

Google App Store App Store

Leave A Reply

Your email address will not be published.